ایک بار پھر مانک ساہا نے تریپورہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا
نئی دہلی ،08 مارچ :۔
مانک ساہا نے ایک بار پھر تریپورہ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ ان کے ساتھ مزید آٹھ وزراء نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی شرکت کی۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم کے علاوہ بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ اور کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسو سرما، اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھنڈو، منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ اور سکم کے وزیر اعلیٰ پی ایس تمانگ بھی موجود تھے۔ بی جے پی کے سابق وزیر اعلیٰ بپلب دیب، جنہیں گزشتہ سال عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، بھی اسٹیج پر تھے۔گزشتہ حکومت کے چار وزراء کو برقرار رکھا گیا ہے۔ یہ رتن لال ناتھ، پرنجیت سنگھا رائے، شانتنا چکما اور سوشانت چودھری ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے تین نئے وزراء کو کابینہ میں شامل کیا ہے۔ یہ ہیں ٹنکو رائے، اور بپلب دیب کے قریبی ساتھی، بیکاش دیب برما ، بی جے پی کے درج فہرست قبائل مورچہ کے سربراہ اورسدھانشو داس۔بی جے پی کے اتحادی انڈیجینس پیپلز فرنٹ آف تریپورہ (آئی پی ایف ٹی) کو ایک وزارتی عہدہ ملا ہے۔آئی پی ایف ٹی سے تعلق رکھنے والے شکلا چرن نوتیا نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔
یاد رہے کہ مانک ساہا نے 2016 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2022 میں انہیں بپلوو دیب کی جگہ وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ 2020 سے 2022 تک وہ تریپورہ بی جے پی کے صدر رہے۔ مانک ساہا، جن کی عمر 70 سال ہے، پیشے کے اعتبار سے ڈینٹل سرجن ہیں۔اس کے ساتھ ہی اپوزیشن کانگریس اور سی پی ایم کی قیادت میں بائیں بازو کی جماعتوں نے تقریب کا بائیکاٹ کیاتھا۔ انہوں نے یہ فیصلہ بی جے پی کے حامیوں پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے لیا۔
بائیں محاذ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ اور سی پی ایم پولیت بیورو کے رکن مانک سرکار اور سی پی ایم، سی پی آئی، آر ایس پی اور فارورڈ بلاک کے سکریٹریوں کو ریاستی حکومت نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا، لیکن فرنٹ نے انکار کر دیا اور پروگرام کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ 2 مارچ کو اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد سے ریاست بھر میں "بی جے پی کے حامیوں اور غنڈوں کے ذریعہ تشدد” کی وجہ سے لیا گیا ۔