وارنر کی ریکارڈ ٹرپل سنچری، آسٹریلیا کا بڑا اسکور، پاکستان نے 96 رن پر گنوائے 6 وکٹ
ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے مشہور سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر (ناٹ آؤٹ 335) نے ایڈیلیڈ کے میدان پر پاکستان کے خلاف دوسرے دن رات ٹیسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو ٹرپل سنچری بنانے کے ساتھ ہی اپنا نام ریکارڈ بک میں درج کرا لیا۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ تین وکٹ پر 589 رن کا بڑا اسکور بناکرڈکلیئر کر دی۔ پاکستان نے اس کے جواب میں دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنے چھ وکٹ صرف 96 رن پر گنوا دیے اور وہ فالو آن کے گہرے بحران میں پھنس گیا ہے۔
ڈے نائیٹ ٹیسٹ کا دوسرا دن 33 سالہ وارنر کے نام رہا جنہوں نے ریکارڈ بک کو نئے سرے سے لکھنے پر مجبور کر دیا۔ وارنر نے 418 گیندوں میں 39 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 335 رنز بنائے۔ وارنر اپنی ٹرپل سنچری کے ساتھ ڈے نائٹ ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے اس معاملے میں گلابی گیند سے پاکستان کے اظہر علی کے سب سے زیادہ 456 رنز کے ہندسے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وارنر کے اب گلابی گیند سے 534 رنز ہو گئے ہیں۔ وارنر نے اسی کے ساتھ سال 2019 میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کے معاملے میں ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وراٹ نے پنے میں گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 254 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کی ٹیم وارنر کے اٹیک اور آسٹریلیا کے بڑے اسکور کے سامنے گھٹنے ٹیک بیٹھی اور اس نے اپنے چھ وکٹ صرف 96 رن پر گنوا دیے۔ وہ آسٹریلیا کے اسکور سے 493 رنز پیچھے ہے اور اس پر فالو آن کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔