ایم سی ڈی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شاندار جیت، بی جے پی کو شرمناک شکست کا سامنا
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جیت کے بعد ٹویٹ کرکے دہلی کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور دہلی کی بہتری کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی سے آشیروادبھی مانگا
نئی دہلی: دہلی میں برسراقتدار جماعت عام آدمی پارٹی (اے اے پی)نے میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی)کے 250 وارڈوں میں سے 134 پر کامیابی حاصل کرکے شاندار جیت درج کی ہے اور اکثریت کا ہندسہ بہت آسانی کے ساتھ عبور کر لیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی اے اے پی نے 15 سال سے اقتدار میں رہنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کو باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جیت کے بعد ٹویٹ کرکے دہلی کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور دہلی کی بہتری کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی سے آشیروادبھی مانگا۔مسٹر کیجریوال نے کہا، ”اس شاندار جیت کے لیے دہلی کے لوگوں کا شکریہ اور تمام کو بہت بہت مبارکباد۔ اب ہم سب کو مل کر دہلی کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہے۔”
دہلی ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق تمام 250 وارڈوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس الیکشن میں اے اے پی نے 134 سیٹیں جیتی ہیں، بی جے پی نے 104 سیٹیں جیتی ہیں اور کانگریس کو نو سیٹوں سے مطمئن ہونا پڑا ہے۔ دیگر جماعتوں نے تین نشستیں جیتی ہیں۔
جیت کے بعد اے اے پی ہیڈکوارٹر پہنچے مسٹر کیجریوال نے کہا، "دہلی کے لوگوں نے 15 سال پرانی بدعنوان بی جے پی کو کارپوریشن سے ہٹاکر اے اے پی حکومت کو اکثریت دی ہے جس کے لئے عوام کا شکریہ ۔ یہ ہمارے لیے بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ دہلی کے لوگوں نے مجھے دہلی کی صفائی، بدعنوانی کو دور کرنے، پارک کو ٹھیک کرنے سمیت کئی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ میں آپ کے اس اعتماد کو قائم رکھنے کی دن رات کوشش کروں گا۔ میں دہلی کے لوگوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ اتنی بڑی اور شاندار جیت کے لیے دہلی کے لوگ تبدیلی کے لیے مبارکباد کے مستحق ہیں۔”
خیال ر ہے کہ اس سال دہلی میونسپل کارپوریشن دہلی کی تین میونسپل کارپوریشنوں کو ملا کر ایک کردیا گیا ہے۔ اس سے پہلے تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے الگ الگ میئر ہوا کرتے تھے لیکن اب صرف ایک ہی میئر کا انتخاب کیا جائے گا۔ وارڈوں کی حد بندی اسی سال کی گئی تھی۔ پہلے کل 272 وارڈ تھے، حد بندی کے بعد ان کی تعداد 250 رہ گئی ہے۔
اس سال کے شروع میں ایم سی ڈی کے پھر سے ایک ہونے کے بعد یہ پہلا الیکشن تھا۔ 4 دسمبر کو ہوئے انتخابات میں صرف 50.48 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ کل ملاکر 1.45 کروڑ ووٹروں میں سے صرف 73 لاکھ لوگوں نے ووٹ ڈالا۔
دہلی ریاستی الیکشن کمیشن کے ذریعہ شیئر کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی دہلی کے خوشحال علاقوں میں میونسپل انتخابات میں سب سے کم پولنگ دیکھی گئی۔ دیہی علاقوں اور شمال مشرقی دہلی کے کچھ حصوں میں، جہاں 2020 میں فسادات ہوئے تھے، سب سے زیادہ پولنگ کا فیصد دیکھا گیا۔
بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو اکثریت ملنے کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ دہلی کی عوام نے ان کے بیٹوں اور بھائیوں کو دہلی کی صفائی اور میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) سے بدعنوانی کو دور کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ میں اس اعتماد کو برقرار رکھوں گا۔ اس سے پہلے دہلی کے لوگوں نے ہمیں اسکول، اسپتال، بجلی اور پانی کی ذمہ داری دی، تو ہم نے اسے ٹھیک کرنے کے لیے دن رات کام کیا۔ دہلی حکومت کی طرح اب کارپوریشن کو بھی بدعنوانی سے پاک کرنا ہوگا۔ اب ہم سب کو مل کر دہلی کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگوں نے پورے ملک کو یہ پیغام دیا ہے کہ اسکول اور اسپتال بنانے اور بجلی، پانی اور سڑکوں کی مرمت کرنے سے بھی ووٹ ملتا ہے۔ صرف عام آدمی پارٹی (اے اے پی) ہی مثبت سیاست کرکے ملک کی ترقی کے حقیقی مسائل کو اٹھا رہی ہے اور ہم نے دہلی میں یہ چوتھا الیکشن بجلی، پانی اور اسکول اسپتال کے مسائل پر جیتا ہے۔ ملک میں جیسے جیسے یہ مثبت سیاست بڑھتی جائے گی، ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب تک دہلی کے لوگوں نے ہمیں تعلیم اور اسکولوں کی ذمہ داری دی ہے، ہم نے دن رات محنت کرکے اسکولوں کو ٹھیک کیا ہے، لاکھوں بچوں کا مستقبل بنایا ہے۔ دہلی کے لوگوں نے ہمیں اسپتالوں کی ذمہ داری دی، ہم نے دن رات محنت کرکے اسپتالوں کو ٹھیک کیا اور لوگوں کے علاج کا انتظام کیا۔ عوام نے ہمیں بجلی کی ذمہ داری دی، ہم نے بجلی ٹھیک کی، بجلی مفت کی اور 24 گھنٹے بجلی فراہم کی۔ آج دہلی کے لوگوں نے دہلی کی صفائی، بدعنوانی کو ختم کرنے اور پارکوں کی مرمت کی ذمہ داری اپنے بیٹوں اور بھائیوں کو سونپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کو ٹھیک کرنے کے لئے ہمیں سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔ خاص طور پر ہمیں مرکزی حکومت کی مدد اور تعاون کی بھی ضرورت ہے۔ ہمیں وزیر اعظم اور مرکزی حکومت کے آشیرواد کی بھی ضرورت ہے۔ اب ہمیں دہلی کا کچرا صاف کرنا ہے۔ اس میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی ڈیوٹی بھی لگائی جائے گی۔ یہ دہلی کے دو کروڑ لوگوں کا اپنا خاندان ہے۔ ہم سب مل کر دہلی کو صاف کریں گے۔