اہم عالمی خبریں: ہندوستانی بحریہ نے چین کو ’’واضح پیغام‘‘ دینے کے لیے بحرِ ہند میں اپنا پورا بیڑا اتارا، چین نے اپیلی کیشنز پر لگی پابندیوں پر جتائی ناراضگی، دیگر اہم خبریں
- دی پرنٹ کی خبر کے مطابق لداخ میں چین کے ساتھ تنازعات کے درمیان ہندوستانی بحریہ نے بحر ہند کے علاقے میں مشرقی اور مغربی بحریہ کے کمانڈ کے تحت اپنے بحری جہازوں اور آبدوزوں کے تقریباً پورے بیڑے کو بھیج دیا ہے تاکہ وہ چین کو واضح پیغام بھیج سکیں۔
- چین نے آج چینی ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کرنے کے ہندوستان کے حالیہ فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اور متنبہ کیا ہے کہ ہندوستان کو ’’اپنی غلطیوں کو درست کرنا چاہیے۔‘‘ چین نے کہا کہ یہ پابندی ’’غیر ضروری مداخلت‘‘ ہے اور وہ چینی کاروباری مفادات کے تحفظ کے لیے ’’تمام ضروری اقدامات‘‘ کرے گا۔
- کانگریس پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ حکومت کے یہ دعوی کرنے کے باوجود کہ اس نے چینی کمپنیوں کو ہندوستان میں کام کرنے سے روک دیا ہے، جموں و کشمیر میں میٹر کی تنصیب کے منصوبے کو بالواسطہ طور پر ایک چینی کمپنی سنبھال رہی ہے، جس نے پاکستان میں بھی کام کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے الزام لگایا ’’جموں وکشمیر میں اس طرح کے حساس کام کے لیے حکومت نے چینی کمپنی کو بیک ڈور داخلے میں سہولت فراہم کی ہے۔‘‘ پارٹی نے مزید الزام لگایا کہ ڈونگ فینگ کمپنی مختلف ممالک میں سرگرم ہے اور اس کے پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات ہیں۔
- نیپال کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ایگزیکٹو چیئرپرسن پشپا کمال دہل "پرچنڈا” نے منگل کو وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی سرکاری رہائش گاہ پر ان کی غیر موجودگی میں یکطرفہ طور پر طاقتور اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس بلایا، جس سے ملک میں جاری سیاسی بحران مزید گہرا ہوگیا۔
- پاکستان کی سینیٹ نے پیر کو کشمیری علاحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کو اپنا سب سے بڑا شہری اعزاز ’’نشانِ پاکستان‘‘ دینے کی قرارداد منظور کی۔ پیر کو پاکستان کے ایوان بالا کی طرف سے ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں حکومت سے علاحدگی پسند رہنما اور حریت کانفرنس کے سابق سربراہ سید علی شاہ گیلانی کو ملک کا اعلی ترین شہری ایوارڈ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
- مہاجر کشمیری پنڈتوں کی ایک تنظیم نے حکومت ہند سے جموں و کشمیر کے لیے ریاست کا درجہ اور خصوصی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مفاہمت، امداد اور بحالی نامی اس تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ 5 اگست کو حکومت ہند کے ذریعے اس کے منسوخ ہونے کے ایک سال کی تکمیل سے قبل جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو بحال کیا جائے۔
- مرکز نے منگل کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ میڈیا میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو کے حوالے سے آنے والی اطلاعات کی تصدیق کرے گا۔ مرمو کا کہنا ہے کہ وادی میں 4 جی انٹرنیٹ کی رفتار کو بحال کیا جانا چاہیے۔ جسٹس این وی رمانا کی سربراہی میں بنچ نے ابتدائی طور پر جموں و کشمیر انتظامیہ اور مرکز سے 5 اگست کو جواب دینے کو کہا۔
- لائیو لا ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ سینئر ایڈووکیٹ اور جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبد القیوم کی نظربندی کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔