آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت اب مفت میں کورونا وائرس کی جانچ اور علاج
نئی دہلی، اپریل 5: مرکزی حکومت نے آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ اور علاج کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت 50 کروڑ سے زائد افراد کو ہندوستان بھر کے نامزد نجی اسپتالوں میں مفت جانچ اور علاج معالجے میں مدد ملے گی۔
آیوشمان بھارت کی سی ای او ڈاکٹر اندو نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مستفید افراد کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت ملے گی۔
یہ اعلان اتوار کی صبح گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک میں 302 واقعات کے اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ہندوستان بھر میں مجموعی طور پر مثبت معاملات کی تعداد بڑھ کر 3،374 ہوگئی ہے، جن میں سے 267 افراد علاج کے بعد فارغ کر دیے گئے ہیں جب کہ 77 اموات ہوئی ہیں۔
تفصیلات دیتے ہوئے ڈاکٹر بھوشن نے کہا: ’’تجربہ کار اسپتال اپنی اپنی مجاز جانچ کی سہولیات استعمال کرسکتے ہیں یا اسکیم کے لیے ایک مستند جانچ کی سہولت کے ساتھ معاہدہ کرسکتے ہیں۔ یہ ٹیسٹ انڈین کونسل برائے میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے مقرر کردہ پروٹوکول کے مطابق اور آئی سی ایم آر کے ذریعہ منظور شدہ/رجسٹرڈ نجی لیبوں کے ذریعے کیے جائیں گے۔ اسی طرح نجی اسپتالوں کے ذریعہ کوویڈ 19 کا علاج آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت کیا جائے گا۔‘‘
انھوں نے کہا کہ فیصلے کا مقصد آئی سی ایم آر کے رہنما خطوط کے مطابق جانچ اور علاج کی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ اور نجی شعبے میں آیوشمان بھارت اسکیم کے ذریعے رسائی بڑھانا ہے۔
مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ ’’اس خطرناک بحران میں ہمیں کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں ایک اہم شراکت دار اور اسٹیک ہولڈر کی حیثیت سے نجی شعبے کو بہت فعال طور پر شامل کرنا ہوگا۔ آیوشمان بھارت کے تحت جانچ اور معالجہ دستیاب کرنے کے لیے نجی شعبے کے اسپتالوں اور لیبوں کو شامل کرنے سے ہماری صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور غریبوں پر اس تباہ کن بیماری کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ریاستیں نجی شعبے کے ان اسپتالوں کو شامل کرنے کے عمل میں لگی ہوئی ہیں جن کو کوویڈ 19 کے خصوصی اسپتالوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔