آندھرا پردیش: ترومالا تروپتی مندر کے 743 کارکنان کورونا وائرس مثبت، ان میں سے تین دم توڑ چکے ہیں
آندھرا پردیش، اگست 10: گیارہ جون کو آندھرا پردیش میں ترومالا وینکٹیشور مندر کو دوبارہ کھولے جانے کے بعد سے اب تک تروملا تروپتی کے تقریباً 743 ملازمین کورنا مثبت پائے گئے ہیں۔
ٹرسٹ کے ایگزیکیٹو آفیسر ایل کمار سنگھل نے بتایا کہ مندر کے تین ملازمین اب تک کوویڈ 19 کی وجہ سے دم توڑ چکے ہیں۔
دی نیوز منٹ کے مطابق سنگھل نے بتایا کہ انفیکشن میں مبتلا افراد میں اسپیشل پروٹیکشن فورس، وجیلینس ڈیپارٹمنٹ، سنیٹیشن ورکرز، آؤٹ سورس اور باقاعدہ کارکن شامل تھے۔
انھوں نے مزید کہا ’’اب تک مجموعی طور پر 402 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں۔‘‘
سنگھل نے بتایا 11 جون کو دوبارہ کھولے جانے کے بعد سے مندر میں ہر روز 12،000 عقیدت مندو درشن کے لیے آتے ہیں۔
تاہم مندر ٹرسٹ کی چیئرپرسن وائی وی سُبّہ ریڈی نے کہا کہ مندر مینجمنٹ ’’صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور مندر کھلا رہے گا۔‘‘
مرکزی وزارت صحت کے مطابق آندھرا پردیش میں 1،38،712 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں اب تک 2،036 اموات بھی شامل ہیں۔