آندھرا پردیش: امراوتی کے کسانوں کا احتجاج 8 ویں دن بھی جاری

حیدرآباد: ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج 8 ویں دن بھی جاری ہے۔ ریاست کے دارالحکومت امراوتی کے مندادم کے قریب کسانوں کی جانب سے کیے گئے احتجاج کے سبب کشیدگی پھیل گئی۔

ان احتجاجی کسانوں نے خیمہ لگانے کی کوشش کی جس کی اجازت پولیس نے نہیں دی۔ اس موقع پر کسانوں اور پولیس کے درمیان کافی بحث وتکرار ہوگئی اور پولیس پر برہمی ظاہرکرتے ہوئے خواتین کی بڑی تعداد نے دھرنا شروع کردیا اور سکریٹریٹ جانے والے راستہ کو بند کردیا۔ صورت حال کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کی بھاری تعداد وہاں تعینات کر دی گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کسانوں نے الزام لگایا کہ تین دارالحکومتوں کے اعلان کے ذریعہ وزیراعلی ریاست کو تقسیم کر رہے ہیں۔ کسانوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے اس اعلان کو فوری طور پر واپس لے۔ کسانوں نے واضح کیا کہ ان کو ایک ہی دارالحکومت چاہیے جس کا وعدہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے ان کی اراضیات نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لیے لیتے وقت کیا تھا۔

کسانوں نے مطالبہ کیا کہ تین دارالحکومتوں کی تجاویز سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے اور ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ امراوتی میں انفراسٹرکچر تیار ہے اور تین دارالحکومتوں کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے۔

(ایجنسیاں)