امریکہ: صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کے لیے کمیٹی نے دو الزامات کی منظوری دے دی

ڈیموکریٹس کب اکثریت والے امریکی ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کے دو الزامات کو منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے بعد صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک ایک قدم آگے بڑھ گئی ہے اور اب ان الزامات پر ایوان نمائندگان میں ووٹنگ ہو گی۔ صدر ٹرمپ امریکہ کی تاریخ میں چوتھے ایسے صدر ہیں جن کو مواخذے کی تحریک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کو اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ حکمران جماعت ریپبلیکن پارٹی ان الزامات کی مخالفت جبکہ حزب مخالف ڈیمو کریٹس ان کی حمایت کر رہی ہے۔ ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان الزامات پر ایوان میں ووٹنگ اگلے ہفتے ہو گی۔

سینیٹ میں ان الزامات پر ٹرائل اگلے مہینے متوقع ہے اور یہ امید ہے کہ سینیٹ صدر ٹرمپ کو تمام الزامات سے بری کر دے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سینیٹ میں ریپبلیکنز کی اکثریت ہے اور اس اکثریت کی بنا پر وہ مواخذے کے عمل کو ادھر ہی روک دیں گے اور ٹرمپ بدستور منصب صدارت پر فائز رہیں گے۔

(ایجنسیاں)