الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات 27 مئی سے پہلے کرانے کا فیصلہ لیا
ممبئی، یکم مئی: خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے آج فیصلہ کیا ہے کہ مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے لیے انتخابات 27 مئی سے پہلے ہوں گے۔
ریاست میں سیاسی غیر یقینی صورت حال کو ختم کرنے کے لیے مہاراشٹر کے گورنر بی ایس کوشیاری نے قانون ساز کونسل کی نو نشستوں پر انتخابات کے لیے ای سی آئی سے درخواست کی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سنیل اروڑا، جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاستہائے متحدہ میں پھنسے ہوئے ہیں، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس میٹنگ میں شامل ہوئے۔
جب ٹھاکرے نے 28 نومبر کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا تو وہ ریاستی مقننہ کے رکن نہیں تھے۔ آئین کے تحت کی آنے والی شقوں کے مطابق انھیں چھ ماہ کے اندر ریاستی قانون ساز اسمبلی یا کونسل کے لیے منتخب ہونا ضروری ہے، یعنی 27 مئی تک۔
ٹھاکرے نے ان حلقوں میں سے ایک سے الیکشن لڑنے کا ارادہ کیا تھا، جہاں 24 اپریل کو 9 ممبران ریٹائر ہو رہے تھے۔ تاہم کوویڈ 19 کی وبا کے سبب الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کردیا تھا۔