اعظم خان  کی مشکلات میں اضافہ،یوگی حکومت نے جوہر یونیورسٹی ٹرسٹ کی لیز منسوخ کر دی

لکھنؤ،یکم نومبر:.

یوگی حکومت نے جیل میں بند ایس پی لیڈر اعظم خان  کی مشکلات ختم نہیں ہو رہی ہیں۔ کابینہ اجلاس میں یوگی حکومت نے اعظم خان کی جوہر یونیورسٹی کو دی گئی زمین چھین لی ہے۔ ایس پی حکومت کے دوران اعظم نے رام پور میں مرتضیٰ ہائر سیکنڈری اسکول کی عمارت سمیت پورا کیمپس مولانا محمد جوہر ٹرسٹ کو 99 سال کی لیز پر دیا تھا۔

اعظم خان نے سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا تھا، حکومت نے معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے لیز کو منسوخ کر دیا ہے۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں منگل کو صبح 11 بجے لوک بھون میں کابینہ کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں مختلف محکموں کی تقریباً ایک درجن تجاویز پر غور کیا گیا، جس میں محکمہ تعلیم کی جانب سے اس اراضی کی تجویز بھی شامل تھی۔ اس تجویز پر غور کرتے ہوئے حکومت نے ایک جھٹکے میں زمین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ زمین جوہر ٹرسٹ کو 100 روپے سالانہ کرایہ پر دی گئی تھی۔ جب تک ریاست میں ایس پی کی حکومت تھی، سب کچھ ٹھیک چلتا رہا۔ لیکن جیسے ہی 2017 میں یوپی میں بی جے پی کی حکومت بنی اور یوگی آدتیہ ناتھ وزیر اعلیٰ بنے، جوہر یونیورسٹی کے برے دن شروع ہو گئے۔

چونکہ جوہر یونیورسٹی کے مرکزی منتظم اعظم خان ہیں اور بی جے پی انہیں اپنا مخالف سمجھتی ہے، اس لیے بی جے پی حکومت نے اعظم خان اور جوہر یونیورسٹی کے خلاف ہر طرح کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ آج اعظم خان، سابق ایم پی اور ان کی اہلیہ تنزیل فاطمہ اور ان کے بیٹے اور سابق ایم ایل اے عبداللہ اعظم جیل میں ہیں۔

اعظم خان کے سخت مخالف، رام پور سے بی جے پی ایم ایل اے آکاش سکسینہ سیاست میں اعظم خان کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آکاش سکسینہ جوہر یونیورسٹی کے خلاف لابنگ کر رہے ہیں۔ اس منسوخی کے فیصلے کے پیچھے بھی انہیں کا ہاتھ مانا جا رہا ہے ۔

رامپور کے بی جے پی ایم ایل اے آکاش سکسینہ کا اس معاملے میں بڑا رول ہے، کیونکہ آکاش سکسینہ کے بیان سے یہ صاف ہے کہ انہیں معلوم تھا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت جوہر یونیورسٹی سے زمین واپس لینے کا فیصلہ لے گی۔ بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’ابھی یہ صرف ٹریلر ہے،  پکچرابھی باقی ہے۔آکاش سکسینہ کے اس بیان کے بعد یہ تقریباً طے ہے کہ مستقبل میں جوہر یونیورسٹی کے خلاف بھی بڑی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

رامپور کی جوہر یونیورسٹی سے پچھلی حکومت کی طرف سے لیز پر دی گئی زمین کو واپس لینے کا یوگی حکومت کا فیصلہ پوری طرح سے سیاسی ہے۔اعظم خان بی جے پی کے خلاف ہیں، اس لیے آج یوگی حکومت نے ان کی قائم کردہ یونیورسٹی کے خلاف یہ فیصلہ لیا ہے۔ لیکن یوگی حکومت کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ حکومت بدلنے سے فیصلے بھی بدل سکتے ہیں۔