اسرائیل کا ایران کے شہر اصفہان پر فضائی حملہ، پروازیں معطل
تہران,19اپریل :۔
غزہ میں اسرائیل جارحیت کے بعد اب ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔گزشتہ روز ایران نے شام میں قونصلیٹ پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر دو سو سے زائد میزائل حملہ کیا تھا اب اسرائیل نے بھی ایران پر میزائل داغے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے مرکزی شہر اصفہان کے ہوائی اڈے کے قریب ہونے والے دھماکوں کے بعد اصفہان سمیت کئی شہروں کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے اصفہان میں حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ایرانی مہر ایجنسی نے فضائی نیوی گیشن کے تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر کے حوالے سے آج جمعہ کو بتایا کہ تہران، اصفہان، شیراز، مغربی، شمال مغربی اور جنوب مغربی ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران نے دھماکوں کی اطلاعات کے بعد اپنے فضائی دفاع کو فعال کر دیا، جب کہ مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ طیارہ شکن بندوقوں نے ایران کے متعدد علاقوں میں اڑنے والی اشیاء کو مار گرایا۔
’اے بی سی‘ نیوز نے ایک نامعلوم امریکی اہلکار کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی میزائل ایران کے اندر ایک جگہ پر گرے۔ انہوں نے کہا کہ اہلکار نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا عراق یا شام کے مقامات پر بھی بمباری کی گئی ہے۔