نئی دہلی، مئی 8: جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اسرائیلی پولیس کے ذریعہ مسجد اقصی پر کیے جانے والے تشدد کی مذمت کی ہے اور اس اقدام کو سنگین اشتعال انگیزی قرار دیا ہے، جس پر فوری طور پر عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے۔
میڈیا کو ایک بیان دیتے ہوئے امیر جماعت نے آج کہا کہ ’’ہم اسرائیلی پولیس کے ذریعہ مسلمانوں کے قبلۂ اول مسجد اقصی پر بلا اشتعال دھاوا بولنے کی مذمت کرتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسرائیلیوں کی طرف سے فائرنگ اور تشدد کی وجہ سے کم از کم 178 فلسطینی نمازی زخمی ہوئے ہیں اور 88 مسجد اقصی کے کمپاؤنڈ اور یروشم میں دوسری جگہوں پر اسپتال میں داخل ہیں۔‘‘
امیر جماعت نے مزید کہا کہ ’’یہ عمل خاص طور پر قابل مذمت ہے کیوں کہ یہ رمضان کے آخری ایام میں پیش آیا ہے اور اس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے جو مسجد اقصیٰ کو نہایت عقیدت و احترام سے دیکھتے ہیں۔‘‘
انھوں نے اس کے خلاف عالمی برادری سے آواز اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا ازالہ کرے اور اسرائیلی حکومت کو متنبہ کرے کہ وہ اس طرح کی کارروائیوں سے باز آجائے اور اس کے لیے سرکاری طور پر معافی نامہ جاری کرے۔‘‘
امیر جماعت نے مزید کہا ’’ہم حکومت ہند سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس واقعے کی مذمت کرے، اسرائیلی سفیر کو طلب کرے اور اس سلسلے میں بیان جاری کرے۔‘‘