اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ملکوں نے ہندوستان میں موجود اپنےشہریوں  کے لیے ہدایات جاری کیں

نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون کو لے کر نارتھ ایسٹ  میں بگڑے حالات کو دیکھتے ہوئے امریکہ، فرانس، برطانیہ، اسرائیل، سنگاپور اور کینیڈا سمیت کئی ملکوں  نے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کیے ہیں۔ ان ملکوں  نے کہا ہے کہ اگر انہیں جانا بہت ضروری ہے تو ہی ان ریاستوں  میں جائیں اور احتیاط برتیں۔ نارتھ ایسٹ میں بڑے پیمانے پر ہو رہے مظاہرے میں اب تک تین لوگوں کی جان جا چکی ہے جبکہ کئی لوگ زخمی  ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں کرفیو لگانے کے ساتھ انٹرنیٹ اور موبائل خدمات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

امریکہ نے اپنےشہریوں کو ہدایت دی ہے کہ شمال مشرق  کے سفر کے دوران وہ احتیاط برتیں۔ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی سرکار نے مظاہرہ کے اہم مرکز آسام کے لیے سرکاری دورہ رد کر دیا ہے۔

وہیں برطانیہ نے بھی اپنے شہریوں کو کہا ہے کہ جب تک ہندوستان میں حالات سازگار نہیں ہو جاتے ہیں تب تک وہ ہندوستان جانے سے بچیں۔ اگر انھیں ہندوستان  کا سفر کرنا ہے اور شمال مشرقی ریاستوں  میں جانا بے حد ضروری ہے تو میڈیا میں آ رہی خبروں پر نظر رکھیں اورمقامی حکام کے ذریعے دیے گئے ہدایات  کی پیروی کریں۔

اسرائیل نے بھی اپنے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے انھیں آسام  اور شمال مشرق کی دوسری ریاستوں میں سفر نہ کرنے کو کہا ہے۔ وہیں فرانس نے آسام کے لیے ہوائی سفرپر پابندی اور مسافروں کو کسی بھی طرح کی بھیڑ سے دور رہنے، خبروں کو دیکھتے رہنے اور ہندوستانی انتظامیہ  کی  ہدایات(خاص طورپر کرفیو کی حالت میں) کی پیروی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ کناڈا نے اپنے شہریوں کو مظاہرے کی وجہ سے اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم اور ناگالینڈ کے غیر ضروری سفر سے بچنے کی صلاح دی ہے۔ وہیں سنگاپور کے وزارت خارجہ  نے بھی ایک نوٹس میں سنگاپور کے لوگوں کو ہندوستان میں شمال مشرق کے سفر میں احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔

(ایجنسیاں)