ادھو ٹھاکرے نے اپنی کابینہ کے وزرا کو سونپے قلم دان
مہاراشٹرمیں میں پندرہ روز بعد وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے آج اپنی کابینہ کے وزرا کو ان کے قلم دان دے دیے ہیں۔ آئندہ ہفتہ 16 دسمبر کو ناگپور میں اسمبلی کا سرمائی اجلاس شروع ہونے والا ہے۔ اس طرح جمعرات کو وزیروں کے محکموں کے سلسلے میں تجسس کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
مہا وکاس اگھاڑی کے سب سے بڑے اتحادی شیوسینا کے ایکناتھ شندے نئے وزیر داخلہ ہوں گے، ان کے پاس اہم محکمے شہری ترقیات،جنگلات اور ماحولیات، آب رسانی اور پارلیمانی امور شامل رہیں گے۔ ان کی پارٹی کے معروف رہنما دیسائی کو صنعت، اعلی تعلیم اور ٹیکنیکل تعلیم، کھیل کود اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود، زراعت، نقل وحمل، اقر ملازمت ضمانت اسکیم وغیرہ شامل ہیں۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)کے چھگن بھجبل کو دیہی ترقی کا محکمہ دیا گیا ہے جبکہ وہ آبی وسائل، سماجی انصاف، غذااور ادویات و دیگر ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ جینت پاٹل نئے وزیر مالیات ہوں گے اس کے ساتھ ہی وہ ہاوسنگ، صحت عامہ، لیبر اور اقلیتی ترقیات کے محکمے سنبھالیں گے۔
کانگریس کے وجے عرف بالاصاحب تھوراٹ وزیر ریونیو ہوں گے جبکہ ان کے پاس بجلی، طبی تعلیم، اسکولی تعلیم، مویشی پالن، دودھ اور مچھلی پالن وغیرہ کے محکمے بھی ہوں گے۔ جبکہ کانگریس کے نتن راوت کے پاس تعمیرات عامہ، قبائلی ترقی، خواتین اور اطفال کی ترقی، کپڑا، راحت اور آبادکاری اور پسماندہ طبقات کے امور کے محکمے ہوں گے۔
واضح رہے کہ ادھو ٹھاکرے نے 28 نومبر کو مہا وکاس اگھاڑی کے چھ اراکین کے ساتھ حلف اٹھایا تھا لیکن انھیں قلمدان تقسیم نہیں کیے گیے تھے۔
(ایجنسیاں)