احمد آباد: 5000 لوگوں کے خلاف کیس درج، کانگریس کاؤنسلر سمیت 49 لوگ گرفتار

نئی دہلی: گجرات کے احمدآباد شہر میں شہریت ترمیمی  قانون اور مجوزہ این آرسی کے خلاف  مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں  پر حملے کے سلسلے میں جمعہ  کو ایک کانگریس کاؤنسلر سمیت  49 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ بھیڑ کے پتھراؤ میں 26 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ کانگریس کاؤنسلر شہزاد خان پٹھان پر بھیڑ کو اکسانے کا الزام  ہے۔انہوں نے بتایا کہ پتھراؤ میں پولیس ڈپٹی کمشنر وپن اہرے، اےسی پی آر بی رانا اور جے ایم  سولنکی اور اسان پور تھانے میں تعینات ایک پولیس افسر  سمیت 26 پولیس اہلکار  زخمی  ہوئے ہیں۔ سولنکی کو سر پر چوٹ آئی ہے۔

پولیس نے بتایا ’’ہم نے 5000 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر  درج کی ہے۔ 50 لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان میں سے کانگریس کاؤنسلر شہزاد خان  پٹھان سمیت 49 لوگوں کو جمعہ  کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان سبھی پر قتل کی کوشش، فسادات  پھیلانے اور پولیس کو پیٹنے کا الزام  ہے۔‘‘

واضح رہے کہ گجرات میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہو رہے مظاہوے جمعرات کو پرتشدد ہو گئے تھے۔

(ایجنسیاں)