اتر پریش میں 8 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے والا گینگسٹر وکاس دوبے مدھیہ پردیش میں ایک مندر کے باہر سے گرفتار
نئی دہلی، جولائی 9: اترپردیش کے گینگسٹر وکاس دوبے کو، جس پر گذشتہ ہفتے آٹھ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا الزام ہے، مدھیہ پردیش میں تین ریاستوں کی پولیس کے ذریعے تقریباً ایک ہفتہ طویل تعاقب کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وکاس دوبے اسی وقت اُجّین میں پکڑا گیا جب اتر پردیش میں اس کے دو ساتھی پولیس کے ساتھ الگ الگ مقابلوں میں مارے گئے۔ گذشتہ روز اس کے قریبی ساتھی امن دوبے کو بھی ہلاک کر دیا گیا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں وکاس دوبے کو ماسک میں تقریباً آدھا درجن پولیس اہلکاروں کے ذریعے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
صبح 8 بجے کے قریب وکاس دوبے کو ایک مندر میں دیکھا گیا تھا۔ جس کے بارے میں ایک مقامی دکاندار نے مبینہ طور پر پولیس کو چوکس کردیا۔ جب وہ مندر سے باہر نکلا تو سیکیورٹی گارڈز نے اس سے پوچھ گچھ کی۔ ایک افسر نے بتایا کہ ’’اس نے جعلی شناختی کارڈ تیار کیا اور پھر لڑائی ہوئی جس کے بعد سیکیورٹی گارڈ اسے پولیس کے پاس لے آئے۔‘‘
واضح رہے کہ جمعہ کے روز کانپور کے ایک گاؤں بکرو میں وکاس دوبے کو گرفتار کرنے گئے پولیس اہلکاروں کو وکاس دوبے کے ساتھیوں نے گھات لگا کر ہلاک کر دیا تھا۔
دوبے، جس پر قتل، اغوا، بھتہ خوری اور فسادات سمیت 60 فوجداری مقدمات درج ہیں، اس جھڑپ کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔