اتر پردیش: دو افراد نے 13 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور چار دیگر نے اس واقعے کی ویڈیو بنائی، چھ میں سے پانچ ملزمان گرفتار
اتر پردیش، اپریل 23: اترپردیش کے سیتا پور ضلع میں ایک 13 سالہ لڑکی کے ساتھ اس وقت اجتماعی زیادتی ہوئی جب وہ منگل کی سہ پہر کو کھیت سے فارغ ہوکر لوٹ رہی تھی۔ ملزمان نے اس کی عصمت دری کرتے وقت ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی تھی، جو انھیں گرفتار کرنے کے بعد ان کے موبائل فون میں پائی گئی۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ چھ افراد موقع پر موجود تھے اور ان میں سے دو افراد نے اس کے ساتھ زیادتی کی اور باقی چار نے اسے ریکارڈ کیا۔
چھ ملزمان میں سے ایک مفرور ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس سپرنٹنڈنٹ ایل آر کمار نے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا ’’ایک اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ لڑکی 13 سال کی ہے اور ملزمین میں سے ایک نے اس کے ساتھ زیادتی کی تھی۔ جب کہ ایک اور شخص اس کی مدد کررہا تھا اور دوسرے اسے ریکارڈ کررہے تھے۔ ہم نے ایف آئی آر درج کرکے متاثرہ کو طبی معائنے کے لیے بھیجا ہے۔ ہم نے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔‘‘
ایڈیشنل ایس پی (ساؤتھ) مہندر پی چوہان نے بتایا کہ چھ ملزمان میں سے پانچ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ ایک مفرور ہے۔ چوہان نے کہا ’’یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا اور ہمیں بدھ کے روز متاثرہ لڑکی کی والدہ سے شکایت موصول ہوئی۔ طبی معائنے میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔‘‘
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بچی کو کچھ معمولی جسمانی چوٹیں آئیں، لیکن وہ اب ٹھیک ہو رہی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف آئی پی سی سیکشن 376-D (گینگ ریپ)، 120-بی (مجرمانہ سازش) اور 506 (فوجداری دھمکی) اور پوکسو ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔