اترکاشی سلکیارا ٹنل کے ہیرو ریٹ مائنر وکیل حسن کے گھر پر چلا بلڈوزر

وکیل حسن نے اپنا درد بیان کرتے ہوئے کہا کہ میرا گھر ہی واحد ایسی چیز ہے جو میں نے بطور انعام مانگا تھا، لیکن اسے منہدم کر دیا

نئی دہلی ،29فروری:۔

گزشتہ سال جب اترکاشی کے سلکیارا ٹنل میں 41 مزدور پھنسے ہوئے تھے اور کئی دنوں کی مشقت کے بعد بھی انھیں باہر نہیں نکالا جا سکا تھا، تو ایسے وقت میں 12 ریٹ مائنرس نے انتہائی سمجھداری اور محنت کے ساتھ ان کی جان بچائی تھی۔ جب 41 مزدور ٹنل سے باہر آئے تو پورے ملک نے ان ریٹ مائنرس کا زبر دست استقبال کیا اور انہیں متعدد انعامات اور اعزاز سے نوازا گیا تھا مگر آج انہیں بارہ ریٹ مائنرس کے ہیڈ کے سر سے انتظامیہ نے چھت بھی چھین لیا۔

ان بارہ ریٹ مائنرس میں سے ایک تھے وکیل حسن۔ مزدوروں کی جان بچانے کے بعد سبھی ریٹ مائنرس کے ساتھ ان کی بھی تعریف ہوئی تھی اور سبھی انھیں ہیرو کا درجہ دے رہے تھے۔ لیکن اب اسی ہیرو کے گھر پر ڈی ڈی اے نے بلڈوزر چلا دیا ہے۔

وکیل حسن نے ڈی ڈی اے پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کھجوری خاص واقع شری رام کالونی میں موجود اس کے گھر کو منہدم کر دیا۔ ایک ویڈیو میں ریٹ مائنر وکیل حسن نے اتھارٹی پر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ بغیر نوٹس اس کا گھر گرا دیا گیا۔

گھر منہدم کیے جانے کے بعد وکیل حسن نے بے حد افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ میرا گھر ہی واحد ایسی چیز ہے جو میں نے بطور انعام مانگا تھا، لیکن ڈی ڈی اے نے بغیر کسی نوٹس کے اسے منہدم کر دیا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ حکومت نے مجھے یقین دہانی کرائی تھی کہ اس گھر کو نہیں چھوا جائے گا، لیکن انھوں نے میرے رہنے کی جگہ چھین لی۔ ویڈیو میں وکیل حسن کے ساتھ بیٹھے بارہ ریٹ مائنرس میں سے ایک منا قریشی نے کہا کہ افسران ہمیں پولیس اسٹیشن لے آئے اور وہ ہمارے ساتھ ایسا سلوک کر رہے ہیں جیسے ہم مجرم ہیں۔ انھوں نے پولیس پر وکیل کے نابالغ بچوں کو تھانے میں لا کر پیٹنے کا بھی الزام لگایا۔

وکیل حسن اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’ہم نے سلکیارا ٹنل میں پھنسے 41 لوگوں کو بچایا اور بدلے میں ہمیں یہ صلہ ملا۔ میں نے افسران اور حکومت سے گزارش کی تھی کہ یہ گھر ہمیں دے دیا جائے، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ آج بغیر کسی نوٹس کے اسے منہدم کر دیا گیا۔‘‘