اترا کھنڈ:اتر کاشی پرولا میں 15 جون کو ہونے والی مہاپنچایت کی اجازت نہیں،دفعہ 144 نافذ
ڈی آئی جی گڑھوال رینج کے ایس ناگنیال نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
دہرادون، 14 جون ۔
پرولا میں ہندو شدت پسندوں کے ذریعہ آئندہ 15 جون کو ہونے والی مہا پنچایت کے سلسلے میں ملک بھر کی نظریں اترا کھنڈ کی سرکار اور انتظامیہ پر ہے ۔کیونکہ بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے ساتھ دیگر شدت پسند ہندو تنظیموں نے اتر کاشی کے مسلم کاروباریوں اور دکانداروں کو 15 جون کو منعقد ہونے والی مہا پنچایت سے قبل شہر چھوڑنے کا انتباہ دیا ہے ۔ اسی تناظر میں انتظامیہ کی خاموش اور خوف و دہشت کی وجہ سے بڑی تعداد میں مسلما ن شہر سے نقل مکانی کر چکے ہیں ۔
15 جون سے ایک دن قبل اتر کاشی کے ضلع انتظامیہ نے مہا پنچایت کے سلسلے میں ایک اپڈیٹ جاری کیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس نے اترکاشی کے پرولا میں ہونے والی مہاپنچایت کی اجازت نہیں دیئے جانے کی اطلاع دی ہے۔ کہا گیا ہے کہ پولیس انتظامیہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور حالات کو کسی قیمت پر ناخوشگوار نہیں ہونے دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی گڑھوال رینج کے ایس ناگنیال کا کہنا ہے کہ 15 جون کو اترکاشی کے پرولا میں ہونے والی مہاپنچایت کے تناظر میں منتظمین کو واضح اشارہ دیا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے لیے کسی طرح کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
ڈی آئی جی گڑھوال رینج نے بتایا کہ پرولا میں مہاپنچایت کس نے بلائی ہے اور کہاں مہاپنچایت ہونی ہے اس کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پرولا میں کشیدگی پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ نے 15 جون کو منعقد ہونے والی مہاپنچایت کے منتظمین کو اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی نے تمام لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔
حالانکہ وشو ہندو پریشد اور پردھان سنگٹھن کی جانب سے پہلے اس کی اجازت مانگی گئی تھی لیکن اب پردھان سنگٹھن مہاپنچایت کو لے کر بیک فٹ پر آگئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ مہاپنچایت کون کروا رہا ہے؟دریں اثنا 18 جون کو دہرادون میں مسلم مہاپنچایت کے اعلان کے بعد ہندو تنظیمیں سر گرم ہو گئی ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ اگر 18 جون کو مسلم مہا پنچایت ہوئی تو اسی دن ہم ہندو مہا پنچایت کریں گے ۔اترا کھنڈ انتظامیہ ان دونوں مہا پنچایتوں کو لے کر سنجیدہ ہے ۔ان حالات کے پیش نظر 14 جون سے 19 جون تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ۔