اتراکھنڈ حکومت کورونا وائرس کا علاج تلاش کرلینے کا دعویٰ کرنے والے یوگا گرو رام دیو کی کمپنی ’’پتنجلی‘‘ کو بھیجے گی نوٹس
اتراکھنڈ، جون 25: ریاستی حکومت یوگا گرو رام دیو کی کمپنی پتنجلی آیوروید کو کورونا وائرس کے علاج کے طور پر اپنی دوا کا اشتہار شائع کرنے کے لیے نوٹس بھیجے گی۔
مرکزی وزیر شریپد نائک نے منگل کے روز کہا تھا کہ یہ اچھا ہے کہ رام دیو کی کمپنی نے ملک کو ایک نئی دوا دی ہے، لیکن اس کے لیے ابھی بھی مناسب اجازت کی ضرورت ہے۔
اتراکھنڈ آیوروید محکمہ کے لائسنس افسر وائی ایس راوت نے تصدیق کی کہ نوٹس رام دیو کی کمپنی کو بھجوایا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا ’’پتنجلی آیوروید لمیٹڈ کے پاس صرف کھانسی اور بخار کے خلاف قوت مدافعت بڑھانے کی دوا کا لائسنس تھا۔ ان کی درخواست میں کورونا وائرس کے علاج سے متعلق کچھ نہیں تھا۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی درخواست 10 جون کو موصول ہوئی تھی اور دو دن بعد ایک پینل نے اس کی منظوری دی تھی۔ راوت نے کہا ’’لیکن اس فرم کے پاس کھانسی اور بخار سے بچاؤ کے لیے قوت مدافعت بڑھانے کی صرف دو یا تین دوائیں تیار کرنے کی اجازت ہے، کورونا وائرس کی دوا بنانے کی نہیں۔‘‘
رام دیو کی کمپنی کو یہ نوٹس ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کے ضابطہ 170 کے تحت بھجوایا جائے گا، جس کے تحت کمپنیوں کو پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا میں کسی مصنوع کی تشہیر کرنے سے پہلے لائسنسنگ اتھارٹی سے اجازت لینا لازمی ہوتا ہے۔
دریں اثنا بہار کے مظفر پور ضلع میں بھی ایک درخواست گزار نے رام دیو اور اس کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آچاریہ بال کرشنا کے خلاف پہلی معلوماتی رپورٹ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں نے مبینہ طور پر کوویڈ 19 کے علاج معالجے کے لیے دوا بنانے کا دعویٰ کرکے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ کیس کی سماعت 30 جون کو ہوگی۔