آلٹ نیوز کے بانی محمد زبیر کو ’جہادی‘ کہنے والے جگدیش سنگھ کو معافی مانگنے کا حکم
فیکٹ چیکر محمد زبیر کے خلاف قابل اعتراض ٹوئٹ کے معاملے میں دہلی ہائی کورٹ نے جگدیش سنگھ کو ایکس ہینڈل پر معافی مانگنے کا حکم دیا اور معافی نامہ دو ماہ تک اپنے ہینڈل پر رکھنے کی ہدایت
نئی دہلی، 22 اگست
دہلی ہائی کورٹ نے اگست 2020 میں صحافی اور فیکٹ چیک ویب سائٹ آلٹ نیوز کے بانی محمد زبیر کے خلاف قابل اعتراض ٹویٹ کرنے والے اور محمد زبیر کو جہادی کہنے والے جگدیش سنگھ کو ٹوئٹر پر معافی مانگنے کا حکم دیا۔ جسٹس انوپ جے رام بھمبھانی کی بنچ نے جگدیش کو حکم دیاکہ وہ معافی نامہ کم از کم دو ماہ تک اپنے ہینڈل پر رکھیں۔
جگدیش سنگھ نے ‘ایکس’ پر محمد زبیر کے بارے میں پوسٹ کیا تھا کہ ایک جہادی ہمیشہ جہادی رہتا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ جگدیش سنگھ اپنی معافی میں اس پوسٹ کا حوالہ دیں گے۔ سماعت کے دوران عدالت نے جگدیش سنگھ کے دوسرے ٹوئٹ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو سوشل میڈیا پر نہیں ہونا چاہیے۔ عدالت نے محمد زبیر کو بھی ہدایت دی کہ وہ جگدیش سنگھ کی معافی کو کبھی بھی ریٹویٹ نہیں کریں گے اور نہ ہی اسے جگدیش سنگھ کے خلاف کسی بھی صورت میں استعمال کریں گے۔
قبل ازیں سماعت کے دوران، ہائی کورٹ نے اگست 2020 میں قابل اعتراض ٹویٹس پوسٹ کرنے پر صحافی اور فیکٹ چیک ویب سائٹ آلٹ نیوز کے بانی محمد زبیر کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر دہلی پولیس کی سرزنش کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے دہلی پولیس سے کہا تھا کہ آپ نے محمد زبیر کے خلاف تمام کارروائی کی لیکن اب آپ کہہ رہے ہیں کہ زبیر کے خلاف کوئی کیس نہیں بنایا گیا کیونکہ کوئی ثبوت نہیں ہے لیکن جس شخص نے زبیر کے خلاف قابل اعتراض ٹوئٹ کیا ہے اس کو سزا ملے گی۔ کیا کارروائی کی گئی؟ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پولیس نفرت انگیز تقریر کے معاملے پراز خود کارروائی کرے۔ پھر دہلی پولیس نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرے گی۔
یہ معاملہ اگست 2020 کے ایک ٹویٹ سے متعلق ہے۔ اس ٹوئٹ میں زبیر نے ایک صارف کی پروفائل تصویر شیئر کی تھی اور پوچھا تھا کہ کیا ان سے گالی گلوج میں بات کرنا ٹھیک ہے؟ پروفائل تصویر میں صارف کی پوتی کی تصویر شامل تھی۔ اپنے جوابی ٹویٹ میں زبیر نے صارف کی پروفائل پکچر میں صارف کی پوتی کی تصویر کو دھندلا کر دیا تھا۔ زبیر نے اپنے جوابی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ‘Helloxxx، کیا آپ کی پیاری پوتی کو معلوم ہے کہ آپ کا پارٹ ٹائم کام سوشل میڈیا پر لوگوں کو گالی دینا ہے۔ میں آپ کو مشورہ دیتا ہوں کہ آپ اپنی پروفائل پکچر بدل لیں۔’اس کے بعد متعلقہ صارف نے زبیر کے خلاف متعدد شکایات درج کرائیں۔ صارف نے الزام لگایا کہ زبیر نے اس کی پوتی کے خلاف سائبر جنسی ہراسانی کا ارتکاب کیا۔