یوپی :بارہ بنکی میں  چرچ میں منعقد اجتماعی دعائیہ مجلس میں پولیس کی کارروائی

  تبدیلی مذہب کے الزام میں متعدد عیسائی گرفتار ، وشو ہندو پریشد کی شکایت کے بعد پولیس نے کارروائی کی

بارہ بنکی 7 جنوری (ہ س)۔

بارہ بنکی ضلع کے دیوا کوتوالی علاقے میں ایک چرچ میں دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔اس اجتماعی دعائیہ مجلس کو اجتماعی تبدیلی مذہب کا نام دے کر علاقائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 16 لوگوں کو نامزد کیا ہے اور مبینہ فادر سمیت 10 لوگوں کو جیل بھیج دیا ہے۔ ابھی چھ افراد کی تلاش جاری ہے۔ یہ پوری کارروائی در اصل مقامی وشو ہندو پریشد کی شکایت کے بعد کی گئی۔

دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اجودھیا سمیت دیگر کئی اضلاع میں یہ نیٹ ورک سرگرم ہیں۔ پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ اس سے قبل کتنے لوگوں کا مذہب تبدیل کیا گیا ہے۔ مذہب کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرنے والے فادر ڈومینک کرناٹک کے منگلور شہر کے رہنے والے ہیں۔

گزشتہ کئی دنوں سے دیوا کوتوالی علاقے میں لکھنو ¿ ضلع کی سرحد پر چکرار مجرے ریندوا پلہاری گاو ¿ں میں واقع نوینتا دعائیہ مرکز اور چرچ میں پروگرام چل رہا تھا۔ پیر کو مقامی لوگوں کے احتجاج کے بعد اے ایس پی، ایس ڈی ایم، دو سی او سمیت کئی تھانہ انچارجوں نے چھاپہ مارا۔ اس چھاپے کے دوران پولیس نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 300 لوگوں کے اجتماعی تبدیلی مذہب کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران بہت سے لوگ اپنے طور پر چلے گئے لیکن پولیس نے اجودھیا ضلع کے 225 لوگوں کو بسوں کے ذریعے ان کے گھروں کو روانہ کیا۔ پولیس نے فادر سمیت سات افراد کو گرفتار کر لیا۔

دیر رات دیوا کوتوالی میں وشو ہندو پریشد کے ضلع صدر برجیش کمار ویشیا کی شکایت پر 16 لوگوں کے خلاف غیر قانونی تبدیلی مذہب قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ان سے پوچھ گچھ کے دوران اور بھی کئی نام سامنے آئے۔ پولیس نے رات ہی میں مزید تین افراد کو پکڑ لیا۔

فادر ڈومینک پنٹو کے علاوہ پولیس نے سنیل، سریندر، گھنشیام گوتم، پون، سورج اور سرجو پرساد، راہل، رام جنم راوت اور دھرمیندر کوری کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ لکھنو ¿ کے لال باغ چرچ کامپلیکس کی سوزین ڈینیئل، آہیتی، سونم راوت اور سنگیتا گوتم اور گنیش گنج قیصر باغ کی ڈیزی جوزف کی تلاش جاری ہے۔ پولیس مقامی کی بھی تلاش کر رہی ہے جو دیوا کے علاقے میں مذہب کی تبدیلی کے اس کھیل کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔