کیا ای ڈی تحقیقات کے نام پر بی جے پی کیلئے فنڈ جمع کر رہا ہے؟

ممبئی کرائم برانچ نے200 سے زائد ای ڈی کے دستاویزات کا کیا انکشاف،ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ساکیت گوکھلے نے ای ڈی کارروائی پر اٹھائے سوال

نئی دہلی ،07فروری :۔

ایک لمبے عرصے سے بی جے پی حکومت پر یہ الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں کہ بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو ڈرانے دھمکانے کے لئے ای ڈی اور انکم ٹیکس محکموں کا استعمال کر رہی ہے۔دریں اثنا ممبئی کرائم برانچ نے ایک ایسے معاملے کا انکشاف کیا ہے جس سے اس بات کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے کہ بی جے پی ای ڈی اور آئی ٹی کے ذریعہ بڑے بڑے بلڈروں اور صنعت کاروں کے علاوہ متعدد پارٹیوں کے سیاسی رہنماؤں سے جبراً وصولی کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ممبئی کرائم یونٹ 09، 164 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کے معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں کرائم برانچ نے چھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔  اس تحقیقات کے دوران افسران نے 200 سے زائد فائلوں اور کاغذات کا پردہ فاش کیا ہے جس کی ای ڈی کے ذریعہ جانچ کی جارہی ہے۔ کرائم برانچ کو اب شبہ ہے کہ اس گینگ نے مختلف تاجروں اور بلڈروں سے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم  وصولی کی ہے جو ای ڈی کی راڈار پر تھے۔

کرائم برانچ کو شبہ ہے کہ گرفتار مشتبہ افراد سے برآمد کی گئی فائلوں کا استعمال ایجنسی کے کسی نامعلوم شخص کی  ساز باز سے مبینہ طور پر ای ڈی کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کو شبہ ہے کہ بھتہ خوری کی رقم 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر سکتی ہے۔

اس بڑی خبر کے انکشاف کے بعد ترنمول کانگریس کے رہنما ساکیت گوکھلے نے بی جے پی کے لئے انتخابی فنڈ جمع کرنے کی ایک سازش قرار دیا ہے۔آل انڈیا ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ساکیت گوکھلے نے اپنے ایکس ہینڈل پر اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ حیرت انگیز ؟کیا ای ڈی بی جے پی کےلئے فنڈز جمع کرنے کے لئے   گینگ  کا استعمال کر رہی ہے؟ممبئی پولیس نے تاجروں  اور صنعت کاروں سے   100 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ کیسے کیا؟ان کے پاس ای ڈی سے  متعلق 200 سے زیادہ خفیہ تفتیشی فائلیں تھیں اور انہوں نےان کا استعمال کیا۔یہ کاپیاں ای ڈی نے مجرمانہ  گروہ کو کیسے لیک کیں؟انہوں نے سوال کیا کہ کیا  ای ڈی کمپنیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور پھر ان کی فائلیں مجرمانہ گروہوں کے حوالے کر رہی ہے تاکہ بی جے پی کے فنڈز کے لیے رقم  کی وصولی کی جا سکے۔ساکیت گوکھلے نے مزید کہا کہ اتنا بڑا انکشاف ہوا ہے اور ممبئی کرائم برانچ نے انکشاف کیا ہے اور مین اسٹریم میڈیا میں مکمل خاموشی ہے،جو سوالات پیدا کر رہی ہے۔