
پہلگام حملہ: ملک کو بانٹنے کی گھناؤنی سازش
بھوپال میں خواتین سرو دھرم ہم آہنگی فورم کا مظاہرہ
بھوپال: (دعوت نیوز ڈیسک)
پہلگام میں پیش آنے والے سانحے کے خلاف خواتین سرو دھرم ہم آہنگی فورم بھوپال کی جانب سے بورڈ آفس چوراہا، ایم پی نگر پر ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ملک میں اتحاد و سالمیت کو برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
مظاہرین نے اس حملے کو ملک کو توڑنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف چند افراد پر بلکہ ملک کی وحدت پر حملہ ہے اور ایسے موقع پر پوری قوم کو ایک ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
رضیہ مسعود، رکن ہم آہنگی فورم نے کہا:
"بچے کے سامنے باپ اور بیوی کے سامنے شوہر کا قتل انسانیت کو شرما دینے والا فعل ہے۔ ہم اس درندگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔”
انیتا آریہ، بانی ’دامنی کی آواز‘ اور رکن فورم نے کہا:
"پہلگام کا سانحہ ایک قومی المیہ ہے۔ افسوس کہ بعض سیاست داں اس دکھ کی گھڑی میں بھی نفرت پھیلانے اور اپنی سیاست کی دکان چمکانے سے باز نہیں آ رہے۔ تاہم کشمیری عوام نے جس جرأت اور انسان دوستی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔”
ماہ ناز اسماعیل، پرنسپل کریسنٹ پبلک اسکول نے کہا "اس قسم کے واقعات کا جواب صرف اتحاد اور بھائی چارے سے دیا جا سکتا ہے۔ ہمیں نفرت کے بیج بونے والوں کے خلاف یک زبان ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔”
سونیا جیکب، نرسنگ انچارج نے کہا "یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر ملک کی سالمیت کے لیے دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائیں۔ ہر شہری کو اس قومی فرض میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔”
پروفیسر یوگیتا یش راوت، کیریئر و لائف کوچ نے کہا "ہندوستان ایک ایسا باغ ہے جس میں مختلف مذہبوں اور ثقافتوں کے پھول کھلتے ہیں۔ اس باغ کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔”
رافیہ سلطان، کنوینر فورم نے کہا "اس حملے کا مقصد ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے لیکن ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ ہمارا ملک امن کا پیامبر ہے اور ہم سب کو اس امن کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہونا ہوگا۔”
گلشاد بیگم، ڈسٹرکٹ انچارج انسانی حقوق سنگھ نے کہا "ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت اس کا بھائی چارہ ہے۔ ہمیں مذہب، ذات اور نسل سے اوپر اٹھ کر ان انتہا پسند عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا جو اس ملک کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔”
مظاہرے کے آخر میں تمام شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف اور قومی یکجہتی کے حق میں نعرے لگائے اور ملک کی سالمیت و امن کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
***
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 11 مئی تا 17 مئی 2025