نامور صحافی رویش کمار این ڈی ٹی وی سے مستعفی
نئی دہلی: رویش کمار نے این ڈی ٹی وی پر نشر کیے جانے والےکئی پروگرامز کو اپنی اینکرنگ کے ذریعہ لازوال بنادیا ۔ ہم لوگ،رویش کی رپورٹ،دیش کی بات اور پرائم ٹائم کی وہ مسلسل میزبانی کرتےرہے اور اسے پوری دنیا میں اپنے خاص لب و لہجہ اور معیاری کنٹینٹ کے ذریعہ مقبول بنا دیا۔این ڈی ٹی وی نے کہا کہ ان کااستعفیٰ فوری طورپرقبول کر لیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی مینیجنگ ڈائرکٹر سوپرنا سنگھ کے ذریعہ بھیجے گئے میل میں کہا گیا ہے کہ "چند صحافیوں نے لوگوں کو اتنا ہی متاثر کیا ہے جتنا کہ رویش نے کیا ہے۔” "یہ ان کے بارے میں بے پناہ تاثرات کی عکاسی کرتا ہے: ‘وہ اتنے مقبول ہیں کہ ہجوم میں وہ ہر جگہ لوگوں کی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔ ہندوستان کےاندراور بین الاقوامی سطح پر بھی ان کے کاموں کی نہ صرف پزیرائی ہوئی ہے بلکہ صحافتی امور میں ان کی گرانقدر خدمات کے پیش نظر باوقار ایوارڈز سے سرفراز بھی کیا گیا ہے۔
ستمبر 2019 میں، رویش کمار نے "بے آوازوں کو آواز دینے کے لیے صحافت کا استعمال”کےلیےرامون میگسیسےایوارڈاپنے نام کیاتھا۔رامون میگاسیسے فاؤنڈیشن نے اس موقع پر کہا تھا کہ مسٹر کمار کو "اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ اوراخلاقی صحافت کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی کے لیے اس اہم ترین اعزاز سے نوازاجارہاہے۔
خیال رہے کہ رویش کمار نے باضابطہ اپنے استعفی کی ‘رویش کمار آفیشیل ‘نام کے یوٹیوب چینل پر تصدیق کی ہے اور اس تعلق سے ایک جذباتی ویڈیو بھی پرائم ٹائم کی طرز پر اپلوڈ کیا ہے جسے بہت کم عرصے میں لاکھوں افراد نے دیکھا ہے۔
رویش کمارکےاستعفیٰ کے بارے میں یہ اعلان ایک دن بعد سامنے آیا جب نیوز چینل نے بامبے اسٹاک ایکسچینج کو ایک ریگولیٹری فائلنگ میں مطلع کیا کہ اس کے بانی پرنئے رائے اور رادھیکا رائے نے آر آر پی آرہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈکےڈائریکٹرز کےعہدے سےاستعفیٰ دے دیا ہے۔آر آر پی آرمطلب رادھیکا رائے پرنئے رائے، ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ،این ڈی ٹی وی کی پروموٹرکمپنی ہے۔ اس کےپاس نیوز چینل میں 29.18 فیصد حصص ہے جو اڈانی گروپ کے قبضے میں اب چلا گیا ہے ۔23 اگست کو، اے ایم جیمیڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ جو کہ اڈانی انٹرپرائزز کی ایک مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی،نے وشواپردھان کمرشیل پرائیویٹ لمیٹڈ، یا وی سی پی ایل میں صد فی صد ایکویٹی حصص 113.74 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔گذشتہ ماہ نومبرکےآخرمیں،اڈانی گروپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ وی پی سی ایل کے ذریعے این ڈی ٹی وی میں 29.18 فیصد حصص حاصل کرے گا۔ این ڈی ٹی وی کے پروموٹرز نے اس وقت یہ بیان جاری کرکے کہاتھاکہ یہ قبضہ ان کی رضامندی کے بغیر کیا گیا تھا یا رادھیکا رائے اور پرنئے رائے کو کسی بھی قسم کے نوٹس بھیجے گئے تھے۔نومبرمیں، اڈانی گروپ، نے،این ڈی ٹی وی میں اضافی 26فیصدحصص حاصل کرنے کے لیے کھلی پیشکش کی ہے۔ اس سےگروپ کا کل حصہ 55.18 فیصد ہو جائے گا، جو اسے این ڈی ٹی وی کے ملکیتی حقوق لینے کی اجازت دینے کے لیے کافی ہے۔یہ پیشکش 22 نومبر کو سبسکرپشن کےلیے کھولی گئی اور5دسمبر تک اس کی میعاد رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رویش کمار انے اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے،تاہم بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنا خود کا چینل شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہاں بتاتے چلیں کہ رویش کمار کے استعفیٰ کی خبر سے سوشل میڈیا پر تبصروں کا سیلاب آگیا۔ اس دوران رویش کمار نے ٹویٹ کرکے اپنے مداحوں کو بتا دیا ہے کہ ان کا نیا ٹھکانہ کہاں ہو گا؟ ان کے اس ٹویٹ کے بعد صارفین نے انہیں مبارکباد دینا شروع کر دیا۔ رویش کمار نے استعفیٰ دینے کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا، ’’ میرے پیارے ہم وطنو! بھائیو اور بہنوں ! میں آپ کے ساتھ ہمیشہ جڑا رہا ہوں اور جڑا رہوں گا، میں آپ سب میں شامل ہوں۔ آپ کا پیار ہی میری اصل دولت اور جمع پونجی ہے۔ انھوں نے مزید لکھا آپ کے ساتھ طویل عرصہ تک یکطرفہ رابطہ رہا ۔’رویش کمار آفیشیل’یوٹیوب چینل اب میرا نیا پتہ ہے۔ گودی میڈیا کی غلامی کے خلاف سب کو لڑنا ہے۔ آپ کا رویش کمار۔” اس کے ساتھ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کا لنک بھی شیئر کیا ہے۔