ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت 8 افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

گزشتہ شب حادثے کا شکار ہوا تھا ہیلی کاپٹر، پانچ روزہ قومی سوگ کا اعلان،بھارت ،امریکہ سمیت تمام اسلامی ممالک نے تعزیت کا اظہار کیا

تہران,20مئی:۔

ایران حکومت اور عوام کے لئے یہ خبر انتہائی دلدوز ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہی رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت 8 اہم شخصیات جان بحق ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق  ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، اُن کے چیف گارڈ، وزیر خارجہ، صوبے مشرقی آذربائیجان کے گورنر، آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندہ خصوصی، اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

ایرانی وزیر داخلہ نے گزشتہ شب لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور ایک گھننے جنگل میں ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام لاشیں بری طرح جل گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان کی شناخت پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور فلائٹ ٹیکنیشن میجر بہروزش کے نام سے ہوئی۔علاوہ ازیں ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی کے محافظوں کی ٹیم کے چیف گارڈ سردار سید مہدی یوسفی بھی موجود تھے۔

ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ صوبے مشرقی آذر بائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان محمد علی آل ہاشم بھی سوار تھے۔

سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حادثے پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں 5 روزہ قومی یوم سوگ کا اعلان کیا اور نائب صدر محمد مخبر کو 2 ماہ کے لیے عبوری صدر مقرر کردیا۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کی ہلاکت پر بھارت سمیت امریکہ، روس، چین اور تمام ہی مسلم ممالک سمیت کئی سربراہان مملکت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے روحانی پیشوا اور عوام سے دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔