اسرائیل سمیت متعدد ممالک میں نیتن یاہو کے خلاف زبردست مظاہرہ، جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ    

غزہ ،27نومبر

غزہ میں جاری جنگ کی چار روزہ جنگ بندی کے درمیان اسرائیل سمیت متعدد ممالک میں جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلیوں نے وزیراعظم نتین یاہو کیخلاف مظاہرہ کیا۔اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو کی رہائش گاہ کے باہر بینرز تھامے مظاہرین نے انکے خلاف نعرے بازی کی۔بینرز میں درج تھا کہ نیتن یاہو اسرائیلی ریاست کیلئے سب سے بڑی تباہی ہیں، نتین یاہو خطرناک ہیں اور استعفیٰ دیں۔

اسپین کے شہر بارسلونا میں ہزاروں افراد  نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں عارضی جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ کیا۔برطانوی شہر گلاسگو میں بھی فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی گئی اور مستقل جنگ بندی کی حمایت میں نعرے لگائے گئے۔  اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں چار روزہ عارضی جنگ بندی کا آج آخری روز ہے، اسرائیل نے جنگ بندی کے بعد دوبارہ حملے جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔   چار روزہ عارضی جنگ بندی کا آج آخری روز ہے، حماس جنگ بندی میں 2 سے 4 روز کی توسیع پر رضامند ہوگیا ہے۔جنگ بندی میں توسیع کی صورت میں مزید 20 سے 40 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی ہوسکے گی۔

اتوار کو غزہ میں عارضی جنگ بندی کے تیسرے روز حماس نے اسرائیل کے مزید 14 یرغمالی رہا کئے جس میں اسرائیلی امریکی بچی سمیت 9 بچے، 4 خواتین اور ایک روسی اسرائیلی شامل تھا۔حماس کی جانب سے 3 تھائی شہریوں کو بھی رہا کردیا گیا۔ اسرائیل نے بدلے میں مزید 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا، ایندھن اور گیس کے چار ٹرکوں سمیت مزید 120 امدادی ٹرک بھی غزہ میں داخل ہوئے۔