پریاگ راج امیش پال قتل کیس: عتیق احمد کے قریبی ملزم ظفر کے گھر پر انہدامی کارروائی

عتیق احمد کے لکھنؤ واقع فلیٹ پر بھی ایس ٹی ایف کا چھاپہ،لگژری گاڑیاں لینڈ کروز اور مرسڈیز ضبط

پریاگ راج ،یکم مارچ :۔
اتر پردیش کے پریاگ راج میں گزشتہ دنوں بہوجن سماج پارٹی کے رہنما راج پال قتل کیس میں اہم گواہ امیش پال کا دن دہاڑے گولی مار کر قتل کر دیا گیاتھا۔امیش پال قتل معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے یو پی پولیس نے سابق ایم پی عتیق احمد کے خاندان سمیت متعدد قریبیوں پر کارروائی کی تھی۔آج اس معاملے میں اہم ملزم اور عتیق احمد کے قریبی ظفر خالد احمد کی رہائش گاہ پر انہدامی کارروائی کی گئی۔
ایجنسی کی اطلاع کے مطابق الہ آباد کے چکیہ میں واقع ملزم کے غیر قانونی جائیداد پر پی ڈی اے(پریاگ ریاج ڈیولپمنٹ اتھارٹی) نے کی کارروائی کی ۔ ظفر کو عتیق احمد کے بہت قریب سمجھا جاتا ہے۔ عتیق کا پورا خاندان ظفر کے گھر رہتا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس گھر کا نقشہ دستیاب نہیں ہے۔ پی ڈی اے کی جانب سے اس غیر قانونی تعمیر کو پہلے ہی نوٹس دیا گیا تھا اور آج گھر کی غیر قانونی تعمیر کو گرانے کی کارروائی کی گئی۔
اطلاع کے مطابق پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی اے) کا ایک بلڈوزر بدھ کے روز پریاگ راج کے دھومن گنج تھانے کے تحت امیش پال قتل کے بعد جاری پولیس-انتظامیہ کی کارروائی کے ایک حصے کے طور پر عتیق احمد کے قریبی ساتھی ظفر احمد کے گھر پہنچا۔ پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سکریٹری اجیت سنگھ نے کہا کہ انہدام کی کارروائی کے لیے پی ڈی اے کے بلڈوزر کا استعمال عتیق احمد کے قریبی ظفر احمد کے گھر کو گرانے کے لیے کیا گیا۔

Two cars have been seized

قبل ازیں امیش پال قتل کے سلسلے میں آج یو پی ایس ٹی ایف نے عتیق احمد کے لکھنؤ واقع فلیٹ پر چھاپہ مارا ۔بتایا جاتا ہے کہ واردات کے بعد ملزمین اسی فلیٹ میں ٹھہرے تھے۔پولیس نے اس دوران پارکنگ میں موجود لگژری گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا ۔اطلاع کے مطابق پولیس عتیق احمد کے بیٹے اسعد احمد کی تلاش میں لکھنؤ کے یونیورسل اپاٹمنٹ میں واقع فلیٹ میں چھاپہ مارا تھا۔چھاپے ماری کے دوران فلیٹ کی گہرائی سے تلاشی لی گئی ،سی سی ٹی وی کیمرے چیک کئے گئے مگر کچھ ملا نہیں ۔پولیس نے موقع سے ایک لینڈ کروز اور مرسڈیز کار کو قبضے میں لے لیا ہے۔
بتا دیں کہ امیش پال اور ان کے ایک سیکورٹی اہلکار کو گزشتہ جمعہ کو دھومن گنج تھانے کے تحت جیتی پور میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ایم ایل اے امیش پال راجو پال قتل کیس میں اہم گواہ تھے۔ امیش پال قتل کیس کا ایک ملزم ارباز پیر کو پولیس کے ساتھ ایک انکاؤنٹر میں ہلاک ہو گیا تھا۔