کورونا وائرس اب بھی بین الاقوامی صحت کی ایمرجنسی: ڈبلیو ایچ او
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہےکہ کووڈ- 19 اب بھی بین الاقوامی تشویش کی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی (پی ایچ ای آئی سی) ہے، جو ڈبلیو ایچ او کی سب سے بلند الرٹ کی سطح ہے۔
نئی دہلی: کورونا وائرس کی عالمی وبا شروع ہونے کے بعد سے ہفتہ وار اموات کی تعداد تقریباً اپنی کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود یہ اعلان کیا گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز ایمرجنسی کمیٹی نے گزشتہ ہفتے اپنے سہ ماہی جائزہ اجلاس کے بعد بدھ کے روز کہا کہ کووِڈ- 19 کے سنگین معاملوں میں کمی اور ہفتہ وار اموات کی تعداد میں کمی کے باوجود کووڈ-19 سے ہونے والی اموات دیگر تنفساتی وائرس کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے کووڈ-19 سے متعلقہ پیچیدگیوں اور کووڈ-19 کے بعد کے حالات کے بارے میں بھی خبردار کیا، خاص طور پر کوروانا وائرس کے مکمل اثرات کے تناظر میں جو ابھی تک پوری طرح سے سمجھ میں نہیں آئے ہیں۔ کمیٹی نے کہا کہ شمالی نصف کرہ میں آنے والے موسم سرما میں یہ وباء مزید پھیل سکتی ہے۔
دریں اثناء، کووڈ-19 کی عالمی نگرانی میں موجودہ خلا ءسے وائرس کی ابتدائی شناخت اور تشخیص میں رکاوٹ آئی ہے۔ وائرس کی جانچ جاری رکھنے کی توقع کے ساتھ، کمیٹی نے کہا کہ مستقبل کی مختلف حالتوں کی جینیاتی اور اینٹی جینک خصوصیات کی ابھی بھی قابل اعتماد پیش گوئی نہیں کی جا سکتی ہے۔ کمیٹی نے خبردار کیا کہ آنےوالی مختلف حالتوں سے موجودہ ویکسین اور علاج کے لیے چیلنجز پیداہوسکتے ہیں۔
ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی نے سفارش کی کہ مستقبل میں تین اہم ترجیحات ہونی چاہئیں: نگرانی کو مضبوط بنانا اور خطرے والے گروپوں کی ٹیکہ کاری کے اہداف کو حاصل کرنا،سستی علاج تک عام آدمی کی رسائی کوجاری رکھنا،اور وبائی مرض سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کو مضبوط بنانا۔