مغربی بنگال: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے لیے اہم نشست بھبانی پور میں ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری

نئی دہلی، ستمبر 30: کولکاتا کے بھبانی پور حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ آج صبح سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہوگئی ہے۔

یہ انتخاب ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے لیے اہم ہے کیوں کہ انھیں مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ کے طور پر آگے بڑھنے کے لیے نومبر کے پہلے ہفتے تک ایم ایل اے منتخب ہونے کی ضرورت ہے۔

اس سال کے شروع میں ہونے والے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بنرجی نے نندیگرام سے اپنے سابق معاون سووندو ادھیکاری کے خلاف الیکشن لڑا تھا، جنھوں نے انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کو چھوڑ دیا تھا۔ بنرجی 1،956 ووٹوں کے فرق سے نندیگرام کو ادھیکاری سے ہار گئی تھیں۔

بھبانی پور ضمنی انتخاب کے لیے بھگوا پارٹی نے بنرجی کے خلاف وکیل پرینکا تبریوال کو میدان میں اتارا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما سری جیب بسواس بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق ووٹنگ آج صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6.30 تک جاری رہے گی۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تین لاکھ سے زائد لوگ ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 3 اکتوبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے نامعلوم عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا کہ صبح 9 بجے تک اس حلقے میں 7.57 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

بی جے پی کے امیدوار تبریوال نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے مدن مترا بھبانی پور میں ایک بوتھ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے اور جان بوجھ کر وہاں ووٹنگ مشین بند کردی تھی۔

تبریوال نے کہا کہ ’’ہم منصفانہ انتخابات کی امید کر رہے ہیں۔ سیکورٹی کی تعیناتی بہت اہم ہے۔ میں آج علاقے کے پولنگ بوتھ کا دورہ کروں گا۔ ریاستی حکومت اس وقت خوف میں ہے۔‘‘

منگل کے روز الیکشن کمیشن نے بھبانی پور میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت پانچ یا اس سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگا دی تھی۔ ممنوعہ احکامات پولنگ کے اختتام تک جاری رہیں گے۔

وہیں مرشد آباد کے جانگی پور اور شمشیر گنج میں بھی ووٹنگ جاری ہے۔

پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق تینوں حلقوں میں مرکزی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ پینتیس کمپنیاں بھبانی پور بھیجی گئی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے محکمہ آب پاشی کو خراب موسم کی وجہ سے الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پولنگ سٹیشنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شدید بارش کی صورت میں پانی نکالنے کے لیے پمپوں کے ساتھ تیار رہیں۔