مغربی بنگال اسبملی انتخابات: وزیر اعظم نے دعویٰ کیا ممتا بنرجی نے ریاست کے ساتھ غداری کی ہے، بی جے پی ’’حقیقی تبدیلی‘‘ لائے گی
مغربی بنگال، مارچ 7: وزیر اعظم نریندر مودی نے کولکاتا کے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حکمراں ترنمول کانگریس کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی اور ان کے کیڈر نے مغربی بنگال کے ساتھ غداری کی ہے۔
انھوں نے زور دے کر کہا ’’اس انتخاب میں ایک طرف ترنمول کانگریس ہے، دوسری طرف بائیں بازو کی جماعتیں اور کانگریس ہے اور دوسری طرف بنگال کے عوام ان کے خلاف ہیں۔‘‘
مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے دونوں حریفوں پر حملہ کیا اور یہ دعوی کیا کہ انھوں نے ملک کی آزادی کے بعد سے ہی ووٹ بینک کی سیاست کا سہارا لیا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی ریاست میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا ’’میں یہاں آپ کو ’’آشول پوریبرتن‘‘ (حقیقی تبدیلی) کی یقین دہانی کرانے آیا ہوں۔ حقیقی تبدیلی کا مطلب ہے ایسی ریاست جہاں نوجوانوں کے لیے روزگار اور تعلیم موجود ہو، جہاں لوگ نقل مکانی پر مجبور نہ ہوں، جہاں سرمایہ کاری ہوتی ہو، جہاں غریب ترین لوگوں کو بھی ترقی کا موقع ملتا ہو اور جہاں باہر کی دراندازی بند کردی جاتی ہو۔‘‘
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے ایک ماہ قبل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست میں عوام صرف انتخابات کے لیے ہی ووٹ نہیں دیں گے، بلکہ ترقی کا آغاز کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا ’’جب ملک آزادی کے 75 ویں سال میں داخل ہورہا ہے تو آپ صرف حکومت منتخب کرنے کے لیے نہیں بلکہ 2047 تک ریاست کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ووٹ دیں گے، جب ہم آپ کی آزادی کے 100 سال منائیں گے۔‘‘
مغربی بنگال میں 294 نشستوں پر انتخابات آٹھ مرحلوں میں 27 مارچ سے 29 اپریل تک ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔ ریاست میں ترنمول کانگریس، بی جے پی اور کانگریس اور لیفٹ پارٹیز کے اتحاد کے مابین تین طرفہ لڑائی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔