کرناٹک کے انتخابی ماحول میں پروفیسر ترپاٹھی نے نفرت کے خلاف چلائی مہم، نو دنوں میں 4500 پمفلٹ تقسیم کئے

پروفیسر وپن کمار ترپاٹھی نے کرناٹک کے انتخابی ماحول میں عوام سے ملاقات کے دوران مذہب نہیں انسانیت کی بنیاد پر ووٹ دینے کی اپیل کی

نئی دہلی،07 اپریل:
کرناٹک میں آئندہ 10 مئی کو انتخابا ت ہونے والے ہیں، تمام سیاسی پارٹیاں پوری شدت کے ساتھ سر گرم ہیں۔انتخابات کے پیش نظر سیاسی رہنماوں کے ذریعہ فرقہ وارانہ ماحول کو بھی خراب کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔چنانچہ گزشتہ روز بی جے پی حکومت میں کرناٹک کے وزیر منی رنتاکر کو اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقریرکے معاملے میں پولیس کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔کرناٹک کے اس انتخابی اور نفرت کے ماحول میں دہلی آئی آئی ٹی کے ریٹائرڈ پروفیسر وی کے ترپاٹھی دہلی سے انسانیت کا پیغام لے کر کرناٹک پہنچے تھے اور نو دنوں تک انہوں نے کرناٹک کے مختلف شہروں میں قیام کے دوران محبت اور انسانیت پر مبنی پمفلٹ تقسیم کر کے گزشتہ روز دہلی لوٹیں ہیں۔کرناٹک میں نو دنوں تک ان کا کیا تجربہ رہا اور اپنی مہم کے دوران ان کو کن حالات کا سامنا کرنا پڑا اس سلسلے میں انہوں نے تفصیل سے گفتگو کی ہے ۔وی کے ترپاٹھی کی بیٹی راکھی ترپاٹھی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے پوری تفصیلی گفتگو کی ہے ۔


وی کے ترپاٹھی نے بتایا کہ وہ نو دنوں تک کرناٹک کے مختلف شہروں میں گئے اور وہاں لوگوں سے ملاقات کی ۔عوامی مقامات پر لوگوں سے گفتگو کی اور اپنا انسانیت کا پیغام انہیں پہنچایا جس کی لوگوں کیاکثریت نے تعریف کی ۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران مختلف یونیور سٹیوں میں مختلف موضوعات پرلیکچر بھی دیئے ۔جس میں بڑی تعداد میں طلبہ اور اساتذہ شریک ہوئے ۔خاص طور پر اڈپی اور بینگلورو شہر کا انہوں نے ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ نو دنوں کے قیام میں میں نے 4500 پرچے اور پمفلٹ تقسیم کئے۔جن میں دو ہزار پرچے کنڑ زبان میں اور ڈھائی ہزار انگریزی زبان میں تھے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے عام لوگوں سے ملاقات کی اور ان کو یہی پیغام دیا کہ اپنے مذاہب پر عمل کریں لیکن مرکز میں انسانیت کو رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ میں نے اس دوران لوگوں سے اپیل کی کہ انتخابات میں ایک عام انسان بن کر ووٹ کریں ہندو اور مسلمان بن کر ووٹ نہ کریں ۔ایسے لیڈر کو منتخب کریں جو انسانیت کی بات کرے اور سب کی بھلائی کا وعدہ کرے۔انہوں نے کہا کہ ہر جگہ ان کو بے پناہ محبت ملی اور لوگوں نے میرے مشن کی تعریف کی ۔
پروفیسروپن کمار ترپاٹھی کا تعلق دہلی آئی آئی ٹی سے ہے ۔ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے انسانیت کے فروغ کے لئے مہم شروع کی ہے ۔پروفیسر ترپاٹھی کے مطابق مذہبی منافرت کے خلاف وہ لوگوں کے درمیان پمفلٹ تقسیم کرنے کے علاوہ وہ لوگوں کو انسانیت کے بارے میں سکھانے کے لیے ورکشاپس کا بھی انعقاد کرتے ہیں۔انہوں نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ میں ہر سال تقریباً ایک لاکھ پمفلٹ تقسیم کرتا ہوں۔