آندھرا پردیش کا نیا دارالحکومت ہوگا وشاکھاپٹنم، وزیر اعلیٰ جگن ریڈی کا اعلان
مارچ میں وشاکھاپٹنم میں منعقد ہونے والے 'گلوبل انویسٹرس سمٹ' کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کیا اعلان
نئی دہلی ،31جنوری :۔
وشاکھاپٹنم آندھرا پردیش کا نیا دارالحکومت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ جگن ریڈی نے نئے دارالحکومت کے نام کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ریاست کی راجدھانی کو وشاکھاپٹنم منتقل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ریڈی نے کہا کہ وہ اپنا دفتر وشاکھاپٹنم منتقل کریں گے۔
یاد رہے کہ 23 اپریل 2015 کو آندھرا حکومت نے امراوتی کو اپنا دارالحکومت قرار دیاتھا۔ پھر 2020 میں، ریاست نے تین دارالحکومت بنانے کا منصوبہ بنایا۔ جس میں امراوتی، وشاکھاپٹنم اور کرنول شامل تھے۔
مارچ میں وشاکھاپٹنم میں منعقد ہونے والے ‘گلوبل انویسٹرس سمٹ’ کی تیاری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ وہ آنے والے مہینوں میں اپنا دفتر بندرگاہی شہر میں منتقل کریں گے۔ انہوں نے کہا، "یہاں میں آپ کو وشاکھاپٹنم میں مدعو کر رہا ہوں، جو آنے والے دنوں میں ہماری راجدھانی بننے والا ہے۔ میں خود بھی آنے والے مہینوں میں وشاکھاپٹنم سے کام کروں گا۔ آندھرا پردیش کی راجدھانی ابھی امراوتی ہے۔
جگن موہن ریڈی حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں متنازعہ آندھرا پردیش ڈی سینٹرلائزیشن اینڈ انکلوسیو ڈیولپمنٹ آف آل ریجنز ایکٹ 2020 کو منسوخ کر دیا تھا، جس کا مقصد ریاست کے لیے تین دارالحکومتوں کا قیام تھا۔
ریاستی حکومت نے وشاکھاپٹنم (ایگزیکٹیو کیپیٹل)، امراوتی (قانون سازی کا دارالحکومت) اور کرنول (عدالتی دارالحکومت) کو تین دارالحکومت بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت 3 اور 4 مارچ کو وشاکھاپٹنم میں گلوبل انویسٹرس سمٹ کا انعقاد کررہی ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں سے بھی میٹنگ میں شرکت کرنے اور ریاست میں سرمایہ کاری کرنے کی درخواست کی۔