اتراکھنڈ: چمولی ضلع میں گاڑی کھائی میں گرنے کے سبب 12 افراد ہلاک

نئی دہلی، نومبر 19: اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں جمعہ کو ایک گاڑی کے 500 میٹر گہری کھائی میں گرنے کی وجہ سے 12 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق یہ حادثہ ضلع کے جوشی مٹھ علاقے کے ارگام گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ پرمیندر ڈوبھال نے بتایا کہ مسافر جوشی مٹھ سے پلّا جاکھول گاؤں جا رہے تھے۔

اہلکار نے بتایا کہ گاڑی میں 17 مسافر سوار تھے اور ان میں سے دو بروقت چھلانگ لگانے میں کامیاب ہو گئے۔

متاثرین میں سے دس مرد اور دو خواتین تھیں۔ مرنے والوں کی شناخت دلیپ سنگھ چوہان، سیتن سنگھ چوہان، وکرم سنگھ راوت، سبودھ سنگھ، کشمیرا دیوی، لکشمن سنگھ، تاجور سنگھ، رادھا دیوی، گجیندر سنگھ، رنجیت سنگھ، گبر سنگھ اور شیو سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔

مرنے والوں میں زیادہ تر کا تعلق کمیانہ، کالکوٹ، دمک اور پلہ کے دیہات سے تھا۔

زخمیوں کی شناخت اجیت یادو، روہت پرجاپتی اور مہاویر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ جو لوگ محفوظ رہے وہ ہیمنت چوہان اور جیت پال تھے۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے کی مجسٹریٹ سے تحقیقات کا حکم دیا۔ انھوں نے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور زخمیوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔

دھامی نے کہا کہ حادثے کی خبر ان کے لیے ’’انتہائی تکلیف دہ‘‘ تھی اور وہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔