یوپی: متھرا میں سوٹ کیس میں نامعلوم خاتون کی لاش ملی
نئی دہلی، نومبر 19: پولیس نے بتایا کہ جمعہ کو اتر پردیش کے متھرا ضلع میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک سوٹ کیس میں نامعلوم خاتون کی لاش ملی۔
دی انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ پولیس نے کہا کہ انھیں راہگیروں سے اس معاملے کی اطلاع ملی۔ انھوں نے کہا کہ لاش کو پچھلی رات کو جائے وقوعہ پر رکھا گیا ہو گا، کیوں کہ وہ گلی سڑی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی تھی۔
مبینہ طور پر اس خاتون کی عمر 20 سال تھی۔ اس کی لاش ایک بڑے سرخ سوٹ کیس میں پلاسٹک میں لپٹی ہوئی ملی، اس کے چہرے اور سر پر خون تھا۔
سرکل آفیسر مہوان آلوک سنگھ نے بتایا کہ اس کے کندھے کے قریب گولی لگنے کا مشتبہ زخم تھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں پوسٹ مارٹم کے ذریعے پتہ چل جائے گا کہ یہ واقعی بندوق کی گولی ہے یا نہیں۔‘‘
ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق رایا پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر اومہری واجپائی نے بتایا کہ خاتون نے ٹی شرٹ اور نیلے اور سفید رنگ کا پلازو پہن رکھا تھا جس میں پھولوں کا ڈیزائن تھا۔
انھوں نے کہا ’’ٹی شرٹ پر ‘لیزی ڈیز’ چھپے ہوئے تھے۔ اس کا قد تقریباً 5 فٹ 2 انچ ہے اور اس کے لمبے سیاہ بال تھے۔ ایک ‘کالوا’ [سرخ مقدس دھاگہ] اور ایک سیاہ دھاگہ بائیں کلائی پر بندھا ہوا تھا اور اس کے پاؤں پر سبز نیل پالش تھی۔ سوٹ کیس میں اس کے ساتھ ہی ایک ساڑھی بھی ملی۔‘‘
لاش کے ساتھ کوئی شناختی کارڈ نہیں ملا۔
حکام نے ضلع کے دیگر تھانوں کو الرٹ جاری کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان کے پاس کسی گمشدہ شخص کی رپورٹ ہے جو ملنے والی لاش سے ملتی جلتی ہے۔ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات کی درخواست متھرا، علی گڑھ، نوئیڈا، بلند شہر، ہاتھرس اور آگرہ کے ضلع کرائم ریکارڈ بیورو کو بھی بھیجی گئی ہے۔
پولیس اس جگہ کے قریب کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمرے کی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہے جہاں سے سوٹ کیس ملا تھا۔