اتر پردیش :مسلم نوجوانوں کو پھنسانے کیلئے پجاری نے خود توڑی تھی مورتی
سدھارتھ نگر میں حیران کن معاملہ ،پجاری نے آپسی رنجش میں منان اور سونو نامی دو مسلم نوجوانوں کو پھنسانے کیلئے جھوٹا مقدمہ درج کرایا تھا،پولیس نے کیا معاملے کاانکشاف
نئی دہلی ،18 جولائی:۔
اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع سے ایک حیران کن معاملہ سامنےآیا ہے جہاں ایک مندر کے پجاری نے دو مسلم نوجوانوں کو پھنسانے کے لئے خود گنیش کی مورتی توڑی اور پولیس میں منان اور سونو نامی دو مسلم نوجوانوں کے نام جھوٹامقدمہ درج کروا دیا ۔پولیس نے اس پورے معاملے کا انکشاف کرتے ہوئےاب مندر کے پجاری کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاملہ اترپردیش کے سدھارتھ نگر کے ایک گاو ٔں تولیہوا کا ہے ۔گزشتہ 15 جولائی کو مندر کے ایک پجاری نے گنیش کی مورتی توڑنے جانے کی شکایت لے کر پولیس تھانے پہنچے ۔ پجاری نے محلے کے دو مسلم لڑکوں پر مورتی توڑنے کا الزام لگایا تھا۔ پجاری کی ان دنوں سے ذاتی رنجش تھی، اس لیے ان لڑکوں کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی۔ لیکن تفتیش کے دوران پجاری کا راز کھل گیا۔
دراصل، پورا معاملہ سدھارتھ نگر ضلع کے کتھیلا سمارماتا تھانے کے تحت گاؤں تولیہوا کا ہے۔ یہاں چند روز قبل مندر کے مورتیوں کو کسی نامعلوم شخص نے نقصان پہنچایا تھا۔ جس پر اہل علاقہ میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ پجاری کرچ رام نے دو لڑکوں منان اور سونو پر الزام لگایا تھا۔ پجاری نے دعویٰ کیا کہ دونوں لڑکوں نے یہاں پوجا کیرتن منعقد نہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ لیکن جب پولیس نے سی سی ٹی وی وغیرہ کے ذریعے جانچ شروع کی تو پتہ چلا کہ واقعہ کے وقت مندر کے آس پاس پجاری کے علاوہ کوئی اور شخص موجود نہیں تھا۔ صرف چند چھوٹے بچے کھیل رہے تھے۔
پولیس کو معاملہ مشتبہ لگا ۔جس کے بعد پولیس نے گہرائی سے تفتیش کو تو سارا ماجرہ کھل کر سامنے آ گیا ۔تفتیش کے دوران جب موقع پر موجود بچوں سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مورتی پجاری بابا نےخود توڑی۔ جس کے بعد پولس نے پجاری کرچ رام کو حراست میں لے کر اس سے اچھی طرح پوچھ گچھ کی۔ پولیس کی سختی سے کرچ رام ٹوٹ گیا اور اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پجاری کرچ رام نے پولیس کو بتایا کہ اس کا منان اور سونو کے خاندانوں کے ساتھ مسلسل جھگڑا چل رہا تھا۔ ان سے ناراض ہو کر وہ دونوں لڑکوں کو پھنسانا چاہتا تھا۔ اس لیے اس نے خود ہی مورتی توڑی اور منان اور سونو پر الزام رکھ دیا۔ پولیس میں جعلی رپورٹ بھی درج کرادی ۔
اس معاملے میں مزید معلومات دیتے ہوئے سدھارتھ نگر کے سی او درویش کمار نے کہا، ‘ملزم پجاری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پیشگی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ موقع پر امن و امان برقرار ہے۔