ٹی آر پی گھوٹالہ: ممبئی پولیس کی ضمنی چارج شیٹ میں ارنب گوسوامی کو بطور ملزم نامزد کیا گیا

نئی دہلی، جون 22: ممبئی پولیس نے منگل کو ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹس کے مبینہ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کو ملزم نامزد کیا ہے۔ گوسوامی کے علاوہ پولیس نے ممبئی کے ایسپلیناڈ میں میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت کے سامنے دائر اپنی ضمنی چارج شیٹ میں مزید 6 افراد کو شامل کیا ہے۔

بار اینڈ بنچ کے مطابق اس کے ساتھ ہی اس کیس میں اب ملزموں کی کل تعداد 22 ہے۔ اپنی پہلی چارج شیٹ میں ممبئی پولیس نے کہا تھا کہ اس کیس میں 22 ملزمان ہیں۔ تاہم اس سے قبل صرف 15 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔

ضمنی چارج شیٹ 1،600 صفحات سے زیادہ پر مشتمل ہے۔ گوسوامی کے علاوہ اس نے ریپبلک ٹی وی کی چیف آپریٹنگ آفیسر پریا مکھرجی اور چینل کی چیف فنانشل آفیسر سیوا سبرامنیم کا نام بھی لیا ہے۔

چارج شیٹ میں تعزیرات ہند کی دفعات 406، 409 (اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی)، 420 (دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے جائیداد کی فراہمی) 465، 468 (جعلسازی)، 201 ، 204 (ثبوت کی تباہی) وغیرہ کا ذکر کیا گیا ہے۔

24 مارچ کو ہائی کورٹ نے ممبئی پولیس کو گوسوامی کو گرفتار کرنے سے پہلے تین دن پیشگی اطلاع دینے کی ہدایت کی تھی۔ جسٹس ایس ایس شندے کی سربراہی میں بنچ نے یہ بھی حکم دیا تھا کہ ری پبلک ٹی وی کے خلاف تحقیقات کو 12 ہفتوں میں مکمل کیا جائے۔