سی بی آئی نے منیش سسودیا کو دوبارہ پوچھ گچھ کے لیےطلب کیا
خود دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ نے ٹویٹ کر دی اطلاع، کہا سی بی آئی نے کل دوبارہ کال کی ہے۔ انہوں نے میرے خلاف سی بی آئی، ای ڈی کی پوری طاقت کا استعمال کیا ہے
نئی دہلی ،18فروری :۔
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو سی بی آئی نے دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔ منیش سسودیا نے خود ٹویٹ کرکے یہ معلومات دی ہے۔ منیش سسودیا کو سی بی آئی نے دہلی کی نئی شراب پالیسی میں مبینہ گھپلے کے سلسلے میں طلب کیا ہے۔ منیش سسودیا نے ٹویٹ کیا، "سی بی آئی نے کل دوبارہ کال کی ہے۔ انہوں نے میرے خلاف سی بی آئی، ای ڈی کی پوری طاقت کا استعمال کیا ہے۔ گھر پر چھاپہ مارا، بینک لاکرز کی تلاشی لی، میرے خلاف کہیں سے کچھ نہیں ملا۔ میں نے دہلی کے بچوں کے لیے اچھا کام کیا ہے۔ تعلیم کا انتظام کیا ہے، وہ اسے روکنا چاہتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ تفتیش میں تعاون کیا ہے اور کروں گا۔
خیال رہے 11 فروری 2023 کو ہی دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ معاملے میں مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ماگنتا راگھو ریڈی کو گرفتار کیا تھا۔ ماگنتا راگھوا ریڈی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ماگنتا سرینواسولو ریڈی کا بیٹا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم راگھو بالاجی گروپ نامی کمپنی کا مالک اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی کا بیٹا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے اندر اس معاملے میں یہ تیسری گرفتاری ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہلی کی ایکسائز ڈیوٹی پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے ’ساؤتھ گروپ‘ کے نام سے مشہور لابی کی ساز باز اور رشوت کے ساتھ بے ضابطگیاں کی گئیں۔ سی بی آئی کے مطابق کویتا کے سابق آڈیٹر بوچی بابو نے اس کیس میں ‘ساؤتھ گروپ’ کی نمائندگی کی تھی۔ ایجنسی نے اسے تعاون نہ کرنے پر گرفتار کیا تھا۔