مہاراشٹر : آدتیہ ٹھاکرے کے قافلہ پر حملہ، شندے گروپ پر الزام
اورنگ آباد کے بیجا پور علاقے میں شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے کے قافلے پر شیو سمواد یاترا کے دوران پتھراؤ کیا گیا،ٹھاکرے اور دیگر محفوظ
ممبئی،08فروری :۔
مہاراشٹر میں شیو سینا میں بغاوت کے بعد تقسیم شندے گروپ اور ادھو ٹھاکرے گروپ کے درمیان کشمکش جاری ہے ۔ایک دوسرے پر الزامات کے بعد اب ایک دوسرے گروپ پر حملے کے الزامات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق گزشتہ شب مہاراشٹر کے اورنگ آباد کے بیجاپور علاقے میں شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے کے قافلے پر حملے کا ایک واقعہ پیش آیا۔ اس حملے کے دوران گروپ پر پتھراؤکیا گیا۔ شیوسینا کی ’شیو سمواد یاترا‘ کے دوران پتھراؤ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق پارٹی لیڈر آدتیہ ٹھاکرے اور امباداس دانوے کی گاڑی کے سامنے کچھ لوگوں نے ہنگامہ کیا اور پھر پتھراؤ کیا۔ غنیمت یہ رہی کہ پتھراؤ میں آدتیہ ٹھاکرے کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔
مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف امباداس دانوے نے الزام عائد کیا کہ آدتیہ ٹھاکرے کی کار پر حملہ شیو سینا سے علیحدہ ہونے والے شندے دھڑے کے کارکنان نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتھر بازی کے واقعہ کے پیچھے اورنگ آباد کے مقامی ایم ایل اے کا ہاتھ ہے۔ دانوے نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیجاپور میں منعقدہ میٹنگ میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آدتیہ ٹھاکرے کی حفاظت میں لاپرواہی برت رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ہندو اور دلت سماج کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
امباداس دانوے نے آدتیہ ٹھاکرے کی تقریب میں سیکورٹی کی خلاف ورزی کے تعلق سے مہاراشٹر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط لکھا ہے۔ دانوے نے ڈی جی پی سے اس خلاف ورزی کی سنجیدگی سے تحقیقات کرنے اور ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
خیال رہے کہ آدتیہ ٹھاکرے نے پیر کو پارٹی کی ‘شیو سمواد’ یاترا کے ساتویں مرحلے کا آغاز کیا۔ اس یاترا کے دوران آدتیہ ٹھاکرے مراٹھواڑہ کے 3 اضلاع کا دورہ کریں گے۔