‘جبراً تبدیلی مذہب’معاملے میں گجرات سے تعلق رکھنے والے اسلامی اسکالر کو ملی ضمانت

نئی دہلی،23فروری :۔

سپریم کورٹ نے جبراً تبدیلی مذہب کے الزام میں گرفتار گجرات سے  تعلق رکھنے والے اسلامی اسکالر کو ضمانت دے دی ہے ۔ان پر مبینہ طور پر 37 ہندو خاندانوں اور 100 افراد کا جبراً مذہب تبدیل کرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

حکم جاری کرتے ہوئے  سپریم کورٹ کے جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس سی ٹی۔ روی کمار کی بنچ نے کہا کہ درخواست گزار عدالت کے حکم کے مطابق پوچھ گچھ کے لیے تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہوا تھا۔عدالت نے کہا، "یہاں پیش کیے گئے معاملے کے حقائق اور حالات میں، درخواست گزار کو 13.05.2022 سے عبوری حکم کے ذریعے تحفظ دیا گیا ہے اور عدالت کے بعد کے حکم کے مطابق وہ تفتیشی ایجنسی کے سامنے پیش ہوا ہے، ہم  یہ تصدیق کرنا مناسب سمجھتے ہیں کہ ماضی میں جاری کئے گئے عبوری حکم کو دیکھتے ہوئے ہدایت دیتے ہیں کہ عرضی گزار کی گرفتاری کے معاملے میں اسے ان اصول و ضوابط اور شرائط پر ضمانت پر رہا کیا جا سکتا ہے جو ٹرائل کورٹ کے ذریعہ عائد کی گئی ہیں۔

عدالت درخواست گزار کی پیشگی ضمانت کو منسوخ کرنے کے گجرات ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی ایس ایل پی کی سماعت کر رہی تھی۔ریاست کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ کانو اگروال نے دلیل دی کہ درخواست گزار تحقیقات کے دوران ٹال مٹول سے جواب دے رہا تھا اس لیے حراست میں پوچھ گچھ کی ضرورت ہوگی۔

عدالت نے تفتیشی ایجنسی کو ضرورت پڑنے پر حراست میں تفتیش کے لیے درخواست دائر کرنے کی اجازت دے دی، جس کی سماعت میرٹ پر کی جائے گی۔عدالت نے کہا، "یہ کہے بغیر  چلا  جاتا  ہے کہ اگر ریاست/تفتیشی ایجنسی  کو لگتا ہے کہ  حراست میں تفتیش کی ضرورت ہے، تو اس صورت میں، ایجنسی کے پاس متعلقہ عدالت کے سامنے مناسب درخواست دائر کرنے کا اختیار ہوگا اور پیش کرنے کا حکم دیا جائے گا۔ تحقیقاتی ایجنسی کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

اس سے قبل گجرات ہائی کورٹ نے 37 ہندو خاندانوں اور 100 ہندوؤں کو زبردستی مذہب تبدیل کرنے کے معاملے میں ملزمان کی پیشگی ضمانت مسترد کر دی تھی۔الزام تھا کہ درخواست گزار نے اسے مالی امداد کا لالچ دیا اور سرکاری فنڈز سے بنائے گئے گھر کو عبادت گاہ میں تبدیل کردیا۔

درخواست گزار پر فریڈم آف ریلیجن ایکٹ کی دفعہ 4 اور تعزیرات ہند کی دفعہ 120B, 153(b)(1)(c), 506(2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ بھی الزام عائد کیا  گیا کہ درخواست گزار نے ہندؤوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔ اس معاملے میں مئی میں سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ درخواست گزار کو حراست میں لینے کے لیے اس کے خلاف کوئی سخت قدم نہ ٹھائے جائیں۔