کیجریوال حکومت میں نئے وزیر ہوں گے سوربھ بھاردواج اور آتشی
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دونوں ممبران اسمبلی کے نام لیفٹیننٹ گورنر کو بھیجا
نئی دہلی،یکم مارچ:۔
دہلی میں کیجریوال حکومت کے دو اہم وزیروں کے استعفوں کے بعد یہ بحث زوروں پر ہے کہ منیش سسودیا اور ستیندر جین کی جگہ کون لیں گے۔گزشتہ دیر رات منیش سسودیا اور ستیندر جین کے استعفی کے بعد کیلاش گہلوت اور راج کمار آنند کا نام بحث میں رہا مگرتازہ ترین اطلاع کے مطابق سوربھ بھاردواج اور آتشی کے نام کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے ایل جی کے پاس بھیج دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق اگر سسودیا اور ستیندر جین کا صدر جمہوریہ کے پاس سے استعفے منظور ہو جاتا ہے تو آتشی اور سوربھ بھاردواج کو دہلی حکومت میں نیا وزیر بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں دونوں ایم ایل اے کے نام لیفٹیننٹ گورنر کو بھیجے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دہلی حکومت کے ایک وزیر ستیندر جین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نو ماہ قبل منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا اور تب سے وہ جیل میں ہیں۔ وہیں نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا ایکسائز پالیسی گھوٹالے کے سلسلے میں سی بی آئی کی حراست میں ہیں۔ سسودیا کے پاس کئی اہم وزارتوں کا چارج ہے۔ایجنسی کے مطابق نئے وزراء کے ناموں کا جلد اعلان ہونے کا امکان ہے۔ تاہم ان کی حلف برداری میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ نئے وزراء کا تقرر منیش سسودیا کے استعفیٰ اور ستیندر جین کے صدر کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ستیندر جین اور منیش سسودیا دو اہم وزارت دہلی کابینہ میں سنبھال رہے تھے ۔منیش سسودیا تو عام آدمی پارٹی میں کجریوال کے بعد سب سے بڑے رہنما ہیں۔ دہلی حکومت میں ان کے پاس 33 میں سے 18 محکمے تھے۔ منیش سسودیا کے پاس تعلیم، پبلک ورکس، فنانس، ایکسائز، توانائی، پانی اور صحت جیسے اہم ترین محکمے تھے۔ وہیں ستیندر جین 9 ماہ سے تہاڑ جیل میں ہیں۔ اپنے محکموں کے ساتھ ساتھ سسودیا ستیندر جین کے محکموں کا کام بھی دیکھ رہے تھے۔اچانک دو اہم وزرا کے استعفیٰ دینے کے بعد عام آدمی پارٹی کے لئے مشکل کھڑی ہو گئی ہے ۔