آر بی آئی نے نوٹوں پر رابندر ناتھ ٹیگور اور اے پی جے عبدالکلام کی تصاویر سے متعلق خبروں کی تردید کی

نئی دہلی، جون 7: ریزرو بینک آف انڈیا نے پیر کے روز ان خبروں کی تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ موجودہ کرنسی نوٹوں میں مہاتما گاندھی کے ساتھ نوبل انعام یافتہ رابندر ناتھ ٹیگور اور سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کی تصاویر بھی شامل کی جائیں گی۔

میڈیا رپورٹس میں سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ مرکزی وزارت خزانہ اور ریزرو بینک آف انڈیا کچھ مالیت کے بینک نوٹوں پر ٹیگور اور کلام کی تصویریں استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گاندھی، ٹیگور اور کلام کی تصویروں پر مشتمل تین نئے واٹر مارک نمونوں کے ڈیزائن کو سرکاری منظوری مل گئی ہے۔

مرکزی بینک نے پیر کو کہا ’’میڈیا کے کچھ حصوں میں ایسی خبریں ہیں کہ ریزرو بینک آف انڈیا موجودہ کرنسی اور بینک نوٹوں میں مہاتما گاندھی کے چہرے کی جگہ دوسروں کے چہرے لگانے پر غور کر رہا ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ ریزرو بینک میں ایسی کوئی تجویز نہیں ہے۔‘‘

ریزرو بینک آف انڈیا نے 1996 سے مہاتما گاندھی کی تصویر کے ساتھ ہندوستانی کرنسی چھاپی ہے، جب نوٹوں کی ’’گاندھی سیریز‘‘ جاری کی گئی تھی۔