راہل گاندھی کے طیارے کو وارانسی میں اترنے کی اجازت نہ دینے پرکانگریس چراغ پا

کانگریس رہنما اجے رائے نے کہا کہ بی جے پی حکومت راہل گاندھی سے "خوفزدہ"  ہےاور اسی لیے اس نے  انہیں وارانسی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی

وارانسی،14فروری :۔

اتر پردیش کی یوگی حکومت پر آج کانگریس نے جم کر حملہ بولا ہے ۔در اصل وارانسی ایئر پورٹ اتھارٹی نےگزشتہ شب راہل گاندھی کے طیارے کو ایئر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد کانگریس نے حکومت پر جم کر حملہ کیا ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  کانگریس نے منگل کو الزام لگایا کہ راہل گاندھی کے طیارے کو کل دیر رات وارانسی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی اور یہ جوابی کارروائی میں کیا گیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اجے رائے نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی کا طیارہ وایناڈ پارلیمانی حلقہ سے واپسی پر یہاں کے ہوائی اڈے پر اترنا تھا، لیکن ہوائی اڈے کی اتھارٹی نے طیارے کو ’آخری لمحے‘ میں اترنے کی اجازت نہیں دی۔رائے نے کہا کہ وہ اور پارٹی کے دیگر رہنما اپنے لیڈر کا استقبال کرنے کے لیے ہوائی اڈے پر تھے لیکن ان کے طیارے کو ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے نتیجے میں انہیں (گاندھی) کو قومی دارالحکومت واپس جانا پڑا۔

اجے رائے نے کہا کہ کانگریس کے سابق سربراہ گاندھی منگل کو پریاگ راج کے کملا نہرو میموریل اسپتال میں ایک تقریب کے لئے پریاگ راج جانے والے تھے۔ لیکن حکومت کے دباؤ کی وجہ سے ایئرپورٹ اتھارٹی نے ان کے طیارے کو اترنے کی اجازت نہیں دی۔

کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت راہل گاندھی سے "خوفزدہ”  ہےاور اسی لیے اس نے جہاز کو وارانسی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہا، "ملک کے وزیر اعظم اس وقت سے پریشان ہیں جب سے راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کی قیادت کی ہے۔ اب وہ راہل کو پریشان کر رہے ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کی اطلاع کے مطابق وارانسی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر آریاما سانیال نے بتایا کہ راہل گاندھی کی آمد کے بارے میں پہلے سے کوئی اطلاع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ آخری لمحے میں انہیں فلائٹ کنٹرولر سے اطلاع ملی کہ ہوائی اڈے پر گاندھی کے لینڈنگ کا شیڈول منسوخ کر دیا گیا ہے۔