پی ٹی اوشا کے لیے آئی اواے صدر بننے کا راستہ صاف

نئی دہلی، نومبر 28: پیوولی ایکسپریس کے نام سے مشہورپی ٹی اوشا نے اتوار کو صدر کے عہدے کے لیے اپنی نامزدگی داخل کی، جبکہ ان کے دیگر 14 ساتھیوں نے مختلف عہدوں کے لیے اپنی امیدواری درج کرائی۔

دو ہفتے بعد ہونے والے آئی اواے انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ اتوار کو ختم ہو گئی۔ آئی او اے کے ریٹرننگ آفیسر امیش سنہا نے بتایا کہ 25 اور 26 نومبر کو کسی نے بھی کاغذات نامزدگی داخل نہیں کیے جبکہ 27 تاریخ کوکل 24 افراد نے مختلف عہدوں کے لیے اپنی امیدواری پیش کی۔

خیال رہے کہ اوشابہترین ہندوستانی ایتھلیٹوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے 1982 سے 1994 تک ایشین گیمز میں چار گولڈ سمیت 11 تمغے جیتے ہیں۔

انہوں نے 1986 کے سیول ایشین گیمز میں 200 میٹر، 400 میٹر، 400 میٹر ہارڈلزاور 4×400 میٹر ریلے سمیت چار طلائی تمغے جیتے، جبکہ 100 میٹر میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔

اوشا نے 1982 نئی دہلی ایشین گیمز میں 100 میٹر اور 200 میٹر میں تمغے جیتے۔ انہوں نے 1983 سے 1998 تک ایشین چیمپئن شپ میں مجموعی طورپر 100 میٹر، 200 میٹر، 400 میٹرہارڈلز، 4×100 میٹر ریلے میں 14 طلائی تمغے سمیت 23 تمغے جیتے تھے۔