تملناڈو :پرنس آف آرکوٹ کی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات،ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کرنے کی اپیل
چنئی،نئی دہلی،13جون :۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گزشتہ دنوں 10 جون بروز ہفتہ تمناڈو کے دورے پر تھے ۔ اس دوران انہوں نے ریاستی بی جے پی یونٹ کی جانب سے منعقد متعدد پروگراموں میں شرکت کی ۔اسی سلسلہ میں ریاستی بی جے پی یونٹ کی جانب سے مختلف مذہبی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس کا اہتمام کیا تھا جس میں ریاستی بی جے پی کی جانب سے پرنس آف آرکوٹ نواب محمد عبد العلی کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پرنس آف آرکوٹ تملناڈو کے قدیم حکمراں خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ،ان کا خاندان جنوبی ہند کے اس خطے میں اپنے وقت میں ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے حکمراں تھا۔یہ خاندان تملناڈو میں غیر مسلموں کے لئے خاص طور پر ان کی عبادات گاہوں کے لئے زمین عطیہ کرنے اور دیگر فلاحی کاموں میں سرگرمی کے لئے معروف ہے ۔
اس موقع پر پرنس آف آرکوٹ نواب محمد عبد العلی نے کہا کہ اس وقت جب ملک خود اعتمادی کے احساس کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔تواس موڑ پر سماجی ہم آہنگی بہت ضروری ہے۔انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک میں امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دے۔
انڈیا ٹو مارو کی رپورٹ کے مطابق چنئی میں تمل ناڈو بی جے پی یونٹ کی طرف سے بلائی گئی اس میٹنگ میں مختلف مذہبی جماعتوں کے لوگوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق ریاستی بی جے پی نے پرنس آف آرکوٹ نواب محمد عبدالعلی اور ان کے دیوان نوابزادہ محمد آصف علی کو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی چند منتخب معزز شخصیات کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے لیے شہر میں دس جون بروز ہفتہ کو مدعو کیا تھا۔
اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران پرنس آف ارکوٹ نے وزیر داخلہ سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ سے اپنی پرجوش اپیل میں پرنس نے کہا، "مرکز کی بی جے پی حکومت کو چاہئے کہ وہ ذات پات، نسل یا مذہب سے قطع نظر ملک میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دے۔ ہندوستان ہم سب کا ہے نہ کہ کسی ایک برادری یا ذات کا۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اور ان کا خاندان تاریخی طور پر ہمیشہ سے غیر سیاسی اور غیر فرقہ وارانہ رہا ہے۔
پرنس کے دیوان نوابزادہ محمد آصف علی نے اپنے آباؤ اجداد کی تاریخ کو یاد کیا جو ملک کے اس خطے میں اپنے وقت کے آزاد اور خودمختار حکمراں تھے، جنہیں کرناٹک/آرکوٹ کے نواب (1698-1855) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ وہ جنوبی ہندوستان میں غیر مسلموں کے لئے عبادت گاہوں کی تعمیر کے لیے زمینیں عطیہ کرکے اپنے تعاون کے لیے مشہور ہیں۔پرنس اوران کے دیوان نے اس موقع پرمرکزی وزیر داخلہ کو شال پیش کر کے ان کا خیر مقدم کیا۔