امرت کال ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا دور ہے: مرمو

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن سینٹر ہال میں دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سےصدر جمہوریہ ہند دروپدی مرموکاخطاب

نئی دہلی،31 جنوری :۔

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن سینٹر ہال میں دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے آج صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کا امرت کال ملک کے ہر شہری کے لئے اپنی ذمہ داری کو عروج پر پہنچانے اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کا دور ہے، صدر مرمو نے کہا کہ آج ہندوستان کی خود اعتمادی اپنے عروج پر ہے اور اسے دیکھنے کا دنیا کا نظریہ بدلا ہے۔ ہموطنوں نے گزشتہ نو برسوں میں پہلی بار ایسی بہت سی مثبت تبدیلیاں دیکھی ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن  صدر جمہوریہ نے کہا کہ امرت کال کا یہ 25 سالہ دور آزادی کی سنہری صدی اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا دور ہے۔ یہ 25 سال ہم سب اور ملک کے ہر شہری کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا ہندوستان بنانا ہے جو خود کفیل ہو اور انسانی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے قابل ہو، جس میں غربت نہ ہو اور جس میں متوسط ​​طبقہ بھی شان وشوکت سے بھرا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 2047 تک ایک ایسی قوم کی تعمیر کرنی ہے جو اپنے ماضی کی شان سے جڑی ہو اور جس میں جدیدیت کا ہر سنہری باب بھی جڑا ہو۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا ہندوستان بنانا ہے جس میں نوجوان طاقت اور خواتین کی طاقت سب سے آگے کھڑی ہو اور نوجوان وقت سے دو قدم آگے چلیں۔ انہوں نے امرت کال میں ملک کے تنوع کو مزید روشن اور اتحاد کو زیادہ مضبوط بنانے پر زور دیا۔

بجٹ سیشن سے قبل خطاب میں صدر جمہوریہ نے موجودہ حکمراں کی جم کر تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں بے خوف ،فیصلہ کن اور بڑے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے والی حکومت ہے ۔انہوں نے اس موقع پر مرکزی حکومت کے ذریعہ شروع کئے گئے عوامی ترقیاتی منصوبوں کو شمار کرتے ہوئے ان کی تعریف کی ،خود کفیل ہندوستان کی جانب بڑھتے قدم پر حکومت کی سراہنا کی۔