نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث اندھیرے میں ڈوبا پاکستان
متعلقہ محکمہ کے ذرائع کے مطابق مکمل خرابی درست کرنے میں 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں,گرڈ اسٹیشنوں کی بحالی جنگی پیمانے پرجاری
اسلام آباد، 23 جنوری:
اقتصادی اور معاشی مشکلات سے دو چار پاکستان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ آسمان چھوتی مہنگائی کے بحران کا شکار پاکستان میں پیر کی صبح اچانک گرڈ فیل ہونے سے بجلی کا بحران پیدا ہو گیا۔ دارالحکومت اسلام آباد سمیت مکمل پاکستان اندھیرے میں ڈوب گیا۔بجلی محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ خرابی درست کرنے میں 24 گھنٹے کا وقت لگ سکتا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق وزارت توانائی نے بیان میں کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آج صبح 7:34 پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئی جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا۔سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سےجاری ہے۔وارسک سے گرڈ سٹیشنوں کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، بڑے شہر لاہور اور کراچی سمیت ملک کے بڑے حصے بجلی سے محروم ہیں۔ پاکستان کی وزارت توانائی نے بتایا ہے کہ پاکستان کے نیشنل گرڈ کی فریکوئنسی فیل ہو گئی ہے۔ نیشنل گرڈ پورے ملک کی بجلی کی سپلائی کو کنٹرول کرتا ہے۔ صبح 7 بج کر 34 منٹ پر گرڈ فیل ہونے سے ملک بھر میں بجلی کا نظام متاثر ہوا اور اچانک تمام بڑے شہروں کی بجلی غائب ہوگئی۔ حکام صورتحال کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بتایا گیا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام بجلی بحران کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ وزارت کے مطابق سسٹم کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ گرڈ اسٹیشنوں کی بحالی جنگی پیمانے پر شروع کر دی گئی ہے۔ حکام سب سے پہلے اسلام آباد کے بڑے علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسلام آباد سپلائی کمپنی اور پشاور سپلائی کمپنی کے گرڈ کو محدود تعداد میں بحال بھی کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی وزارت توانائی کے مطابق کوئٹہ اور گڈو کے درمیان ہائی ٹینشن لائن میں اچانک بڑی خرابی گرڈ فیل ہونے کا باعث بنی۔ وزارت نے آئندہ 12 گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کی وجہ سے عوام میں غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ لوگ بجلی کے دفاتر پہنچ کر ہنگامہ برپا کر رہے ہیں۔