لمپی اسکین بیماری پر قابو پانے کے لیے ویکسین  کی ایک لاکھ ڈوز اجمیر روانہ

نئی دہلی، اگست 12: راجستھان کے اجمیر میں گایوں  میں لمپی وائرس کے انفیکشن پر قابو پانے کے لیے ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں آج اجمیر پہنچیں گی۔

اجمیر ریاست کا پہلا ضلع ہوگا جہاں اجمیر ڈیری اور ضلع انتظامیہ کی مشترکہ کوشش سے ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں دستیاب کرائی  جا رہی ہیں۔

اجمیر ڈیری کے صدر رام چندر چودھری نے کہا کہ پورے ضلع میں انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس وقت ضلع میں 3.5 لاکھ گائیں ہیں۔ ان گایوں کو بچانے اور ان کو انفیکشن سے دور رکھنے کے لیے ڈیری کی پہل پر احمد آباد ہیلٹن کمپنی سے ویکسین کی خوراک اجمیر پہنچ رہی ہے، جو مویشی پروری کے محکمہ کے ذریعے مویشی پالنے والوں کو پہنچائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ مویشی کو ایک سے تین ملی لیٹر کی خوراک دی جائے گی۔ گئوشالا اور دیگر اجتماعی جگہوں پر جمع کی گئی گایوں میں علامات ظاہر ہونے پر ہر گائے کو تین ملی لیٹرکا ٹیکہ لگایا جائے گا۔ یہ ویکسین مویشی مالکان کو مفت فراہم کی جائے گی تاکہ ان پر کوئی مالی بوجھ نہ پڑے اور ان کے مویشی بھی محفوظ رہیں۔

ڈاکٹر پرفلہ ماتھر، جوائنٹ ڈائرکٹر، انیمل ہسبنڈری ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

مسٹر چودھری نے کہا کہ اگلے دو تین دنوں میں مزید ایک لاکھ خوراکوں کا آرڈر دیا جائے گا۔