بنگلوروایئرو انڈیا شو کے پیش نظرعلاقے میں ’نان ویج‘پر پابندی
برہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) نے نوٹس جاری کیا،30 سے 20 فروری تک کے لئے پابندی عائد،13 سے17 فروری تک ایئر و انڈیا شو کا انعقاد
نئی دہلی،28جنوری:
بنگلورو میں ہر سال ہونے والا ایئر انڈیا شو کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں ۔ اس سلسلے میں بنگلورو شہری بلدیہ بھی علاقے میں ضروری انتظامات میں مصروف ہو گیا ہے ۔گزشتہ دنوں شہری بلدیہ نے ایئرو انڈیا شو کے مدنظر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے علاقہ میں گوشت اسٹال، نان ویج ہوٹل اور ریستورانوں کو بند کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔ خیال رہے یہ پابندی 30 جنوری سے 20 فروری تک کے لیے عائد کی گئی ہے۔یا رہے ایئرو انڈیا شو کا انعقاد 13 سے 17 فروری تک کیا جائے گا۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق برہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) نے اپنے پبلک نوٹس میں کہا ہے کہ یلہنکا فضائیہ اسٹیشن کے 10 کلومیٹر کے دائرے میں نان ویج پیش کرنے یا فروخت کرنے پر پابندی رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ایئرو انڈیا شو کا انعقاد 13 سے 17 فروری تک چلے گا اور اس کے لیے سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔
بی بی ایم پی کا کہنا ہے کہ عوام، نان ویج اسٹالس اور ریستوران کے مالکان جان لیں کہ فضائیہ اسٹیشن یلہنکا میں 30 جنوری سے 20 فروری تک سبھی گوشت، چکن، مچھلی کی دکانوں کو بند کر دیا جائے اور 10 کلومیٹر کے دائرے میں گوشت سے بنی کھانے پینے کی اشیا پیش کرنے یا فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں کوئی بھی خلاف ورزی بی بی ایم پی ایکٹ 2020 اور ہندوستانی ہوابازی ایکٹ 1937 کے ایکٹ 91 کے تحت سزا کا حقدار ہوگا۔
عوامی مقامات پر نان ویج کھانے کی وجہ سے پرندے جمع ہو جاتے ہیں جو کہ گوشت کا ٹکڑا لے کر ہوا میں چاروں طرف چکر لگاتے ہیں۔جن کے طیاروں سے ٹکرانے کا خطرہ ہوتا ہے
بی بی ایم پی افسران کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا کیونکہ عوامی مقامات پر نان ویج کھانے کی وجہ سے پرندے جمع ہو جاتے ہیں جو کہ گوشت کا ٹکڑا لے کر ہوا میں چاروں طرف چکر لگاتے ہیں۔ چونکہ ایئرو انڈیا شو کے دوران کئی طیارہ ہوا میں اپنا کرتب دکھائیں گے تو ایسے میں پرندے ان سے ٹکرا سکتے ہیں جس سے حادثہ ہونے کا اندیشہ بڑھ جائے گا۔
ایئرو انڈیا کی ویب سائٹ کے مطابق اس ایئر شو کے لئے کل 731 نمائش کنندگان نے رجسٹر کرایا ہے جس میں633 ہندوستانی اور 98 غیر ملکی شامل ہیں۔حکام کے مطابق، ایئرو انڈیاشو کا انعقاد1996 سے بنگلورو میں ہو رہا ہے ۔اس تک اس شو میں 13 کامیاب ایڈیشنز ہو چکے ہیں۔ایئرو انڈیا شو نے اپنے بہترین اور کامیاب انعقاد کے لئے ایک اعلیٰ ایئرو اسپیس شو کے طور پر عالمی سطح پر اپنا ایک مقام قائم کیا ہے ۔