سسودیا کو عدالت سے راحت نہیں ،ریمانڈ میں مزید دو دنوں کی توسیع

دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں راؤز ایونیو کورٹ نے دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو کی سی بی آئی ریمانڈ میں مزید 6 مارچ تک توسعی کر دی ہے

نئی دہلی ،04مارچ :۔
دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو آج عدالت سے راحت نہیں ملی ۔راؤز ایونیو کورٹ نے سسودیا کی سی بی آئی ریمانڈ 6 مارچ تک بڑھانے کا فیصلہ سنایا ہے۔ اب ضمانت عرضی پر سماعت 10 مارچ کو ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق عدالت میں سی بی آئی نے کہا کہ منیش سسودیا جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں، اس لیے تین دن کی مزید ریمانڈ دی جائے۔ سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ سسودیا سے پوچھ تاچھ کی ریکارڈنگ سی ڈی میں ہے۔ پوچھ تاچھ کے لیے ابھی ملزمین کا آمنا سامنا نہیں ہوا ہے۔ اس درمیان سسودیا نے عدالت میں کہا کہ ’’وہ مجھے 10-9 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کے لیے بٹھا رہے ہیں اور بار بار وہی سوال پوچھ رہے ہیں۔ یہ ذہنی اذیت سے کم نہیں ہے۔‘‘
منیش سسودیا کے وکیل نے کہا کہ جب تک وہ جرم کا اعتراف نہیں کر لیتے، کیا انہیں حراست میں رکھا جائے گا ؟ سسودیا کے وکیل نے کہا کہ انہیں کئی مہینوں سے گرفتار نہیں کیا گیا، اب اچانک گرفتار کیا گیا ہے اور ریمانڈ میں توسیع کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب کہاں سے اچانک سب چیزیں اکٹھی ہونے لگیں۔ ہم نے گرفتاری کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اس پر جج نے کہا کہ کیا آپ نے ریمانڈ کو بھی چیلنج کیا ہے؟ عدالت نے کہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ ریمانڈ کا حکم غلط ہے تو اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کریں۔
دریں اثنا اس معمالے میں عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج نے کہا کہ سی بی آئی کو ثبوت اور سچائی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ صرف وہی سن رہے ہیں جو مرکزی حکومت کہہ رہی ہے۔ یہ پورا عمل منیش سسودیا کو پریشان کرنے کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ منیش سسودیا کو دہلی حکومت کی آبکاری پالیسی میں مبینہ گھوٹالے کے معاملے میں سی بی آئی نے اتوار کے روز گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی نے انھیں پیر کے روز راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا تھا۔ عدالت نے سسودیا کو 5 دن کی سی بی آئی حراست میں بھیج دیا تھا۔آج سی بی آئی کی ریمانڈ ختم ہو رہی تھی اس لئے منیش سسودیا کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے عدالت نے سی بی آئی کو مزید دو دنوں کی ریمانڈ دے دی ہے اب اس معاملے میں اگلی سماعت 10 مارچ کو ہوگی۔